موجودہ حکومت کے مثبت ویژن کی بدولت ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ، خواجہ خاور رشید

بدھ 6 مئی 2015 17:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) سینئرنائب صدرپاکستان مسلم لیگ (ن )ٹریڈرز ونگ پنجاب و ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ خاور رشیدنے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے مثبت ویژن کی بدولت ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے جبکہ ملک میں امن کی فضاء قائم ہو رہی ہے ،حکومت کا ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی فروغ اس بات کا ثبوت ہے کہ بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں مزید آسانیاں پیدا ہونگی جس سے کاروباری سرگرمیاں پروان چڑھیں گی، پاکستان اور سعودی عرب دونوں ممالک کے مابین بہترین تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا خادم الحرمین الشریفین کی حیثیت سے سعودی فرمانروا کیلئے ہر پاکستانی کے دل میں خاص مقام ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں اسلامی ممالک کے مابین تجارت،سرمایہ کاری،توانائی اور انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کومزیدمستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

خاور رشید نے مزید کہا کہ حکومت اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں اور ضرب عضب آپریشن کے تحت اب کراچی میں بھی امن وامان کی فضاء پہلے سے بہت بہتر ہو چکی ہے اور کاروباری حلقہ میں معاشی سرگرمیاں پروان چڑھ رہی ہیں۔

حکومت کو سالانہ بجٹ سے قبل تمام بزنس نمائندہ اداروں کی طرف سے موصول ہونے والی تجاویز کو اہمیت دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بزنس کمیونٹی دنیا کے دوسرے ممالک کی نسبت زیادہ ٹیکس ادا کرتی ہے ،دنیا کے تمام ممالک میں ریگو لیٹری ڈیوٹی پاکستان کی نسبت بہت کم ہے۔ بجٹ 2015-16میں حکومت کو ٹیکس اور ریگولیٹری ڈیوٹی کو کم کرنا چاہیے جس سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے سمگلنگ کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو بھی تقویت ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاسمٹیکس پروڈکٹس،چاکلیٹ ، فرنس آئل ،دھاتی سکریپ دیگر اشیاء پر عائد 5فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کے فیصلے پر حکومت نظر ثانی کرئے ،مختلف مصنوعات پر عائد اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی سے صارفین پر 16سے 20بلین کا اضافی بوجھ پڑھے گا ۔انہوں نے کہا کہ کا سمٹیکس کی پروڈکٹس پر اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی سے سمگلنگ کو تقویت ملے گی حکومت عائد ڈیوٹی کو ختم کرئے۔