قائد اعظم سولرپارک منصوبے کی رائیلٹی بہاولپور اور چولستان کے عوام کو دی جائے،ملک میں توانائی بحران سنگین ہوچکا،شہروں اور دیہاتوں میں18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے،سستی بجلی کی پیدوار کیلئے کالاباغ ڈیم سمیت نئے ڈیم تعمیر کئے جائیں

امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترکا بیان

بدھ 6 مئی 2015 17:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے بہاولپور میں بننے والی شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے قائد اعظم سولر پارک کے حوالے سے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو مبارک باد دی اور کہاقائد اعظم سولر پارک منصوبہ سے جوآسامیاں پیدا ہوں اس میں بہاول پور اور چولستان کے نوجوانوں کو ترجیح دی جائے اور جس طرح ملک کے دوسرے علاقوں میں بننے والے ڈیمز میں اس علاقے کو رائیلٹی دی جاتی ہیں اسی طرح قائد اعظم سولر پارک منصوبے کی بھی رائیلٹی بہاول پور اوچولستان کو دی جائے تاکہ اس علاقے کی محرومیوں کا کچھ ازالہ ہو سکے ۔

انہوں نے کہا کہ بہاول پور میں بننے والے اس عظیم الشان شمسی توانائی کے منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد بہاول پور کو لوڈشیڈنگ سے بھی مستثنیٰ قرار دیا جائے ۔

(جاری ہے)

قائد اعظم سولر پارک کی تعمیر کی وجہ چولستان کی جو آبادیاں اس میں آگئی ہیں ان آبادیوں کے رہائشیوں کو فوری طور متبادل جگہ دی جائے ۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاکہ ملک میں توانائی کابحران سنگین ہوچکا ہے۔

شہروں اور دیہات میں18گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا سکون غارت کردیا ہے۔پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان سے استفادہ کیا جائے۔ملک میں کالاباغ ڈیم سمیت نئے چھوٹے بڑے ڈیم تعمیر کئے جائیں تاکہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے ساتھ ساتھ وافر مقدار میں پانی کو بھی ذخیرہ کیاجاسکے۔کالاباغ ڈیم توانائی کا سستا ترین منصوبہ ہے جس سے عوام کو60پیسے فی یونٹ بجلی میسر آسکتی ہے اور اس کے ساتھ ہی60سے65لاکھ ایکڑزمین سیراب اور روزگار کے نئے مواقع پیداہوسکتے ہیں۔