گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں گندم کی عدم فراہمی و عدم دستیابی شدت اختیار کرگئی

سب ڈویژن میں فلور ملز کو اجازت نہ ملنے کی وجہ سے آٹا بھی دستیاب نہیں

بدھ 6 مئی 2015 17:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء)گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں گندم کی عدم فراہمی و عدم دستیابی شدت اختیار کر چکی ہے ، عوام کو گندم نہیں مل رہی ہے جبکہ سب ڈویژن میں فلور ملز کو اجازت نہ ملنے کی وجہ سے آٹا بھی دستیاب نہیں ہے ، محکمہ سول سپلائی بھی غفلت سے کام لینے لگا،روندو کے مختلف ڈپوز سے پانچ ہزار سے زائد گندم کی بوریاں غائب ہو چکی ہیں یہ کوٹہ جگلوٹ بلک ڈپو سے توآ چکے ہیں تاہم عوام میں تقسیم نہیں ہوا ہے ان خیالات کا اظہار امیدوار صوبائی اسمبلی منظور پروانہ نے گلگت کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، روندو کے گندم کوٹہ بلیک کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی ناگزیر ہو چکی ہے اگر یکم جون تک روندو کا کوٹہ پورا نہیں کیا گیا تو شاہراہ سکردو پر دھرنا ہو گا ، حکومت عوام کو سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کرے۔

(جاری ہے)

ڈائیریکٹر سول سپلائی نے عوام کویقین دلایاہے کہ روندو کے کوٹہ گندم بلیک کرنے والوں کے کسی بھی صورت نہیں چھوڑا جائے گا ، روندو کے عوام کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں اور عوام کے لئے گندم فوری پہنچایا جائے گا تاکہ روندو کے عوام کو بار بار اپنے وفود کو گلگت بھیجنے کی زحمت سے نجات مل سکے انہوں نے منظور پروانہ کی قیادت میں آئے ہوئے وفد کو یقین دلایا ہے کہ سول سپلائی سب ڈویژن روندو کے گندم کوٹہ عوام کے دہلیز پر پہنچائے گی تاکہ عوام کو دھرنے کی نوبت نہ آئے۔۔