سکینہ نازلی ٹریبیوٹ 5 کروڑ روپے سے شعبہ حادثات کا نیا بلاک تعمیر کرے گی ‘خواجہ سلمان رفیق

جناح ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کو غیر سرکاری سماجی تنظیم کے مالی تعاون سے توسیع دی جائے گی ‘تقریب سے خطاب

بدھ 6 مئی 2015 17:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء )جناح ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کو ایک غیر سرکاری سماجی تنظیم سکینہ نازلی ٹری بیوٹ5 کروڑ روپے کی لاگت سے توسیع دے گی جبکہ امریکہ میں مقیم علامہ اقبال میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل ڈاکٹر ساڑھے 3 کروڑ روپے کے طبی آلات فراہم کریں گے، توسیعی منصوبے کی تکمیل سے شعبہ ایمرجنسی میں مزید 120 بستروں کا اضافہ ہو جائے گا۔

اس سلسلہ میں علامہ اقبال میڈیکل کالج میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمود شوکت، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر ضیا اﷲ، سکینہ نازلی ٹری بیوٹ کی نمائندہ ، مسز زینب قریشی، انجمن بہبود ی مریضا ں کے سرپرست میاں محبوب اور ممبر میاں مشتاق اور دیگر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

جناح ہسپتال کی ایمرجنسی کی توسیع کے معاہدے پر مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سکینہ نازلی ٹریبیوٹ کی جانب سے مسز زینب قریشی نے دستخط کئے۔ پروفیسر محمود شوکت نے بتایا کہ جناح ہسپتال میں کئی ایک منصوبے مخیر حضرات اور تنظیموں کے تعاون سے چلائے جا رہے ہیں جس سے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ ایمرجنسی میں نئے بلاک کی تعمیر سے 120 بستروں کی مزید گنجائش پیدا ہو جائے گی ۔

پروفیسر محمود شوکت نے بتایا کہ علامہ اقبال میڈیکل کالج کے اولڈ گریجوایٹس نے تووسیعی منصوبے کے لئے طبی آلات فراہم کرنے کا وعدہ کر لیا ہے اس طرح ایمرجنسی وارڈ کی توسیعی منصوبہ پبلک اینڈ پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بہترین مثال ہو گا - خواجہ سلمان رفیق نے مخیر حضرات اور تنظیموں کی جانب سے جناح ہسپتال میں دکھی انسانیت کی خدمت کی خاطرترقیاتی منصوبے اور فلاحی کام شروع کرنے پر ان کے جذبہ انسانیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی فلاح و بہبود حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور صاحب حیثیت اور مخیر حضرات مالی تعاون کر کے اپنی مذہبی اور قومی ذمہ داری کو احسن طریقہ سے پورا کر رہے ہیں۔