کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کا اجلاس، سرکاری محکموں کی جانب سے انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ

لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور فیصل آباد میں آؤٹ ڈور/ان ڈور ڈینگی سرویلنس پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے،سرکاری محکمے ڈینگی اجلاس میں افسر تبدیل نہ کریں‘ خواجہ سلمان رفیق

بدھ 6 مئی 2015 17:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں منتخب عوامی نمائندوں کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب سید مبشر رضا، تمام متعلقہ سرکاری محکموں کے سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

گوجرانوالہ، فیصل آباد اور راولپنڈی کے کمشنرز، ڈی سی اوز اور ای ڈی او ہیلتھ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیا اور اپنے اپنے ڈویژن میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس اور دیگر اقدامات بارے بریفنگ دی ۔اجلاس میں محکمہ اوقاف، اطلاعات، زکوۃ و عشر، زراعت، ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ، کوآپریٹوز، ماہی پروری، محکمہ تعلیم، لوکل گورنمنٹ، ماحولیات، سوشل ویلفیئر، لیبر، ٹرانسپورٹ، پاکستان ریلویز، کنٹونمنٹ بورڈ، واسا، پولیس ، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ، انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے ڈین، ای ڈی او ہیلتھ لاہور اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سرکاری افسران نے اجلاس کو ڈینگی کی روک تھام کے لئے قبرستانوں، ٹائرشاپس، تعمیراتی جگہوں، کباڑ خانوں، نرسریوں ، گھروں اور دیگر آؤٹ ڈور اور ان ڈور مقامات کی سرویلنس کی جاری سرگرمیوں بارے اپنے اپنے محکمے کی الگ الگ کارکردگی سے آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی کے ساتھ منعقد ہو رہے ہیں اور ٹاؤن کی سطح پر انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ منتخب عوامی نمائندے اور سینئر افسران کر رہے ہیں۔

برآمد ہونے والے ڈینگی لاروے کو کیمیکل اور مکینیکل دونوں طریقوں سے تلف کیا جا رہا ہے اور ٹارگٹڈ فوگنگ اور سپرے بھی کیا جا رہا ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ میانی صاحب قبرستان میں بھی 10 جگہوں سے لاروا برآمد ہوا ہے ۔ پانی کے مختلف تالابوں میں ڈینگی لاروا کھانے والی 3 لاکھ سے زائد مچھلیاں محکمہ ماہی پروری نے سٹاک کر دی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ تمام محکمے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

انہوں نے گوجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی، شیخوپورہ اور فیصل آباد میں ڈینگی سرویلنس پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کمشنرز ، ڈی سی اوز اور ای ڈی اوز پر زور دیا کہ وہ ڈینگی سرویلنس کی سخت مانیٹرنگ کریں۔خواجہ سلمان رفیق نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ڈینگی کے بارے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ سیمینارز، واکس منعقد کرائی جائیں اور بھر پور پبلسٹی مہم بھی چلائی جائے تا کہ انسدداد ڈینگی کے اقدمات میں بھرپور عوامی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :