آسٹریلوی وزیر خارجہ کی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات ٗ دہشتگردی کے خلاف جنگ پرتبادلہ خیال

آسٹریلیا پاکستانی حکومت اور عوام کی موجودہ جدوجدجہد اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ٗ آسٹریلیا

بدھ 6 مئی 2015 17:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) آسٹریلیا نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قربانیوں کااعتراف کرتے ہوئے کہاہے کہ آسٹریلیا پاکستانی حکومت اور عوام کی موجودہ جدوجدجہد اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے بدھ کو یہاں آسٹریلین وزیر خارجہ جولی بشپ نے وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، مختلف امور میں باہمی تعاون کے فروغ ٗاینٹی منی لانڈرنگ، دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے ، انسانی سمگلنگ کے تدارک، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر جولی بشپ نے کہاکہ آسٹریلیا پاکستانی حکومت اور عوام کی موجودہ جدوجہد اور انکی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے وزیر داخلہ نے کہاکہ آسٹریلیا ان چند دوست ممالک میں سے ہے جو عسکریت پسندوں کے خلاف پاکستانی حکومت، فوج اور عوام کی جدوجہداور زمینی حقائق کا صحیح طور پر ادراک رکھتے ہیں وزیر داخلہ نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرنے، بشمول پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی تربیت پر حکومت آسٹریلیا کے مشکور ہیں ملاقات میں دونوں رہنماؤں کا سیکیورٹی اورانٹیلی جنس جاری تعاون کو مزید وسعت دینے کا عزم کا اظہار کیا ۔