رسالپورپولیس نے بھتہ خوری میں ملوث تین رُکنی گروہ سرغنہ سمیت گرفتارکرلیا

بدھ 6 مئی 2015 17:14

رسالپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء )رسالپورپولیس نے بھتہ خوری میں ملوث تین رُکنی گروہ سرغنہ سمیت گرفتارکرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ رب نواز خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ تھانہ رسالپور کے علاقہ رشکئی میں پاکستان میڈیکل سٹور کے مالک ماجد اقبال سکنہ رشکئی کو بھتہ خوروں نے اغواء کرنے اور بھتہ مانگنے کے لئے گھر اور دُکان پر دستی بم پھینکے تھے بھتہ خوروں کے خلاف مقدمات درج رجسٹر ہوئے ۔

ڈی پی او نوشہرہ رب نواز خان نے ایکشن لیتے ہوئے ڈی ایس پی سرکل نوشہرہ نذیر خان کو ہدایت جاری کی ۔کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو جلد ازجلد گرفتار کریں ۔ ڈی ایس پی نوشہرہ کینٹ سرکل نذیر خان کی نگرانی میں ایس ایچ او رسالپور انسپکٹر بشیر احمد خا ن ،ایس ایچ او انوسٹی گیشن رسالپور انسپکٹر خالد خان اور اے ایس آئی فخرالاسلام خان اور محر ر تھانہ رسالپور تقی اللہ پر مشتمل ٹیم تشکیل دی۔

(جاری ہے)

خصوصی ٹیم نے سائینسی بنیادوں پر کاروائی شروع کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث بھتہ خوروں کا سرغنہ شفیع اللہ عر ف عیسیٰ خان ولد فضل منان ساکن باجوڑ حال سلیم خان نہر مردان ،اسلام خان عر ف جاوید ولد میر زمان ساکن تورنگزئی چارسدہ ،عبدالرحمان عر ف قاضی ولد امیر رحمان ساکن عنایت کلے باجوڑ حال پشاور کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے دیگر شریک واردات سے مزید انکشافات متوقع ہیں رسالپور پولیس کامیاب کاروائی پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ رب نواز خان نے نقد انعامات اور توصیفی اسناد دینے کا اعلان کیا ۔اور اعلیٰ آفسران سے مذکورہ پولیس پارٹی کی پرموشن کی درخواست کی۔