ملک سے توانائی کے بحران کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،ریاض پیرزادہ

قائداعظم شمسی توانائی کے پہلے مرحلے کا افتتاح اس بحران کو ختم کرنے کا طرف بڑا قدم ہے،توانائی بحران کو ختم کرنے کی حکومتی کوششوں کا خیرمقدم

بدھ 6 مئی 2015 17:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) بہاولپور میں قائداعظم پارک میں پہلے 100میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبے کا افتتاح حکومت کی توانائی بحران ختم کرنے کی طرف اہم پیش رفت ہے۔ جس سے ملک میں معاشی خوشحالی آئے گی۔ان خیالات کا اظہار بین الاصوبائی رابطے کے وزیرمیاں ریاض حسین پیرزادہ ، پاکستان اقتصادی واچ کے سربراہ ڈاکٹرمرتضیٰ مغل، ماہر اقتصادیات مرزا اختیار بیگ اور کوئلہ سے پیدا کی جانے والی بجلی کے اُمور کے ماہر خورشید جمالی نے ریڈیوپاکستان کے نیوز اینڈ کرنٹ آفیئر چینل کے پروگرام ”نقطہٴ نظر“ میں کیا۔

میاں ریاض پیرزادہ نے کہا کہ ملک سے توانائی کے بحران کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور قائداعظم شمسی توانائی کے پہلے مرحلے کا افتتاح اس بحران کو ختم کرنے کا طرف بڑا قدم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی کوششوں سے اس منصوبے کی جلد تکمیل ہوئی۔ جس کو چینی اہلکاروں کی طرف سے بھی سراہا گیا۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ پہلے شمسی توانائی منصوبہ کا افتتاح موجودہ حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے اور اس سے ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں بہتری آئے گی۔

حکومتی اقدامات کے نتیجے میں دوہزار میگا واٹ بجلی آئندہ سال نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔ چین توانائی کے شعبے میں پاکستان سے بھرپورتعاون کر رہا ہے۔ توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے دوسرے ممالک کے سرمایہ کاروں کے لئے ملک میں سرمایہٴ کاری کی راہ ہموار ہو گی۔مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے سے پاکستان کے ساکھ بڑھے گی اور گیس سے تین ہزار چھ سو میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبہ پر عملدرآمد سے صنعتی شعبے کو فائدہ پہنچے گا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں کیونکہ یہ ملک کا تجارتی مرکز ہے۔خورشید جمال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ممالک کوئلے کے ذریعے توانائی پیدا کر رہے ہیں۔ تھرمیں دوہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے کی تکمیل سے توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں بڑی حد تک مدد ملے گی۔