تحریک انصاف قومی اسمبلی میں الطاف حسین کے خلاف قرارداد پیش کریگی ‘شاہ محمود قریشی

بدھ 6 مئی 2015 17:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت قومی اسمبلی میں الطاف حسین کے خلاف قرارداد پیش کرے گی۔بدھ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خطاب سے پورے ملک میں اضطراب کی کیفیت پیدا ہوئی ‘ ان کی جماعت الطف حسین کی جانب سے بھارتی خفیہ ادارے را سے مدد طلب کی کرنے کی شدید مذمت اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ذمہ داری نبھاتے ہوئے الطاف حسین کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق کارروائی کرے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کی جماعت کی اعلیٰ قیادت اور پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی میں الطاف حسین کے خلاف قرارداد پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ برطانیہ کو بھی اپنے شہری کے خلاف سخت کارروائی کرناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ برطانوی شہری پاکستان میں بدامنی پھیلا رہا ہے اس بیان سے برطانیہ پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔جوڈیشل کمیشن میں ثبوت فراہم کرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن کو حتمی نتیجے تک پہنچانے کیلئے ہر قسم کا مواد پیش کرینگے، ،جوڈیشل کمیشن کوجوثبوت درکارہونگے وہ پیش کئے جائیں گے۔