این اے125 کے فیصلے پرشدیدتحفظات ہیں،اعلیٰ عدلیہ میں چیلنج کرینگے، وزیراعلیٰ شہبازشریف

بدھ 6 مئی 2015 16:59

این اے125 کے فیصلے پرشدیدتحفظات ہیں،اعلیٰ عدلیہ میں چیلنج کرینگے، وزیراعلیٰ ..

وہاڑی/بوریوالا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہاہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 125 پر خواجہ سعدرفیق کیخلاف ا لیکشن ٹریبونل کاجو فیصلہ آیا ہے اس پرشدیدتحفظات ہیں، فیصلے میں کوئی آئینی اورقانونی پہلونظرنہیں آتا ،فیصلے کیخلاف اعلیٰ عدلیہ میں اپیل کرینگے، عمران خان کا دھاندلی کے حوالے سے واویلا کرنے پرسخت افسوس ہوتا ہے کیونکہ 2013ء کے عام انتخابات نگران حکومت نے کروائے تھے جبکہ نجم سیٹھی نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے بعد ہمارے دور کے تمام افسران کو تبدیل کردیاتھا اگر اس کے باوجود عمران خان کو دھاندلی کاشک ہے تو اس کی ذمہ دارنگران حکومت ہے ہم نہیں، اگر حلقہ این اے 125 میں تحریک انصاف دھاندلی کی شکایت کو درست مان لیاجائے تو کنٹونمنٹ بورڈ کے حالیہ ہونیوالے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی کو کس نظر سے دیکھا جائیگا ،چینی سرکایہ کاری میں سے20ارب روپے کی لاگت سے بجلی کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے2017/18میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا،دیہی عوام کو تمام بنیادی سہولتوں کی ان کی دہلیز پر فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر میڈیا پرافسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ جتنی کوریج اورٹائم حلقہ این اے125 پر دیاجارہا ہے اس کانصف بھی پنجاب میں ہونیوالے ترقیاتی کاموں کو نہیں دیاجارہا وزیراعلیٰ نے وہاڑی میں نئے تھانہ جات اور پولیس کلچر میں تبدیلی کیلئے ڈی پی او وہاڑی کو دس کروڑ روپے کی گرانٹ د ینے کابھی اعلان کیا اور کہا کہ تین ماہ کے ا ندر ضلع وہاڑی میں نئے تھانہ جات اور پولیس کلچر میں تبدیلی اور عوام کو انصاف ملتا دیکھناچاہتاہوں اوراس کے ساتھ ساتھ رشوت کاخاتمہ چاہتاہوں اگر یہ سب کچھ تین ماہ کے ا ندر نہ ہوا تو یہ پیسے نہ صرف واپس لونگا بلکہ ڈی پی او وہاڑی کو عہدہ سے تنزلی کاسامنا بھی کرنا پڑیگا قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی میں کڈنی سنٹر کاافتتاح کیا اورنئی تعمیر ہونیوالی عمارت کامعائنہ بھی کیا انہوں نے تعمیراتی کام میں تاخیر پرسخت ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کے افسران کی سخت سرزنش بھی کی اور کہا کہ محکمہ صحت کے معاملے پر اہم فیصلے لاہور جاکر کرونگا انہوں نے مزید کہاکہ پنجاب میں سکولوں کی چار دیواری اورنئے کمرے اور بیت الخلاء بنانے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں اور ان پرعملدرآمد بھی شروع ہوچکا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کسانوں اورکاشتکاروں سے چالیس لاکھ ٹن گندم خرید رہی ہے اگر کسی مقام پر محکمہ فوڈ یاپاسکو کے افسران اورملازمین کیخلاف کسانوں کی طرف سے کوئی شکایت ملی تو سب کو جیل میں ڈال دونگا اس سے قبل وزیراعلیٰ نے بوریوالا میں ریسکیو 1122 کاسنگ بنیاد رکھا اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بوریوالا میں شعبہ امراض قلب کاافتتاح کرنے کے ساتھ ساتھ بوریوالا چیچہ وطنی ون وے روڈ کاسنگ بنیاد بھی رکھا وزیراعلیٰ نے بوریوالا ساہوکا دیوان صاحب روڈ کابھی افتتاح کیا اور دیوان صاحب میں شیخ محمد دین ویلفیئرہسپتال کاافتتاح بھی کیا۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا اولین مقصد دیہاتی علاقوں کو شہروں کے برابر لانا ہے آپ بہت جلد صحت اور تعلیم کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں دیکھیں گے پنجاب کے دیہی ہسپتالوں میں ترجیحی بنیاد پر ڈاکٹرز تعینات کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ 15ارب روپے کی لاگت سے2ہزار کلو میٹر سڑکوں کی توسیع اور مرمت جاری ہے جبکہ آئندہ بجٹ میں دیگر 60ہزار کلو میٹر سٹرکوں کی توسیع و مرمت کی جائے گی اور2016،2017کے بجٹ میں سو ارب سے زیادہ کی لاگت سے دیہات کیلئے نئی رابطہ سٹرکیں بنانے کے منصوبہ پر کام جاری ہے میاں شہباز شریف نے کہا کہ چینی صدر کے حالیہ دورہ کے دوران انہوں نے پاکستان کیلئے جس46ارب ڈالر کے معاشی پیکیج کے تحفہ کا اعلان کیا ہے اس میں سے 20ارب ڈالر بجلی کے منصوبوں پر خرچ ہوں گے کوئلے اور شمسی توانائی کے منصوبوں کا پورے ملک میں جال بجھا دیں گے آج تک کسی حکومت نے پاکستان کی اس طرح امداد نہیں کی بہاولپور میں 100میگاواٹ شمسی توانائی کا پلانٹ لگا دیا گیا ہے جس میں توسیع کر کے اُسے 900میگا واٹ تک بنایا جائے گا علاوہ ازیں ساہیوال اور جہلم میں مقامی کوئلے کی مدد سے چلنے والے توانائی کے منصوبے بھی مکمل کیے جائیں گے میاں شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ تین سال کے دوران دیہی آبادی کو 100فیصد پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا تقریب کے آخر میں قبضہ دیوان صاحب کے ہزاروں عوام کے مطالبہ پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے دریائے ستلج پر چشتیاں اور بورے والاکو ملانے کیلئے نئے پل کی تعمیر کے منصوبہ کی منظوری کا اعلان کیا اس موقع پر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی تہمینہ دولتانہ،سید ساجد مہدی سلیم،چوہدری نذیر احمد آرائیں،ارشاد احمد آرائیں،چوہدری محمد یوسف کسیلیہ،عرفان دولتانہ،بلال اکبر بھٹی،شیخ محمد اکرم ایڈووکیٹ،ڈاکٹر سمیرا،صدر ہائی کورٹ بار لاہور پیر مسعود چشتی،وائس پرنسپل گورنمنٹ کالج پروفیسر راشد سدھو بھی موجود تھے قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے رکن قومی اسمبلی چوہدری نذیر احمد آرائیں اور ساجد مہدی سلیم کی رہائش گاہوں پر گئے اور وہاں موجود سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقات کی اور برصغیر پاک و ہند کے مشہور صوفی بزرگ حضرت دیوان چاولی مشائخ المعروف بابا حاجی شیر کے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔