گوادر کاشغر روٹ کی تبدیلی کسی صورت قبول نہیں،اصغر خان اچکزئی

بدھ 6 مئی 2015 16:46

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ گوادر کاشغر روٹ کی کسی صورت پر تبدیلی قبول نہیں ہے 16مئی کو کوئٹہ میں اے این پی کے زیر اہتمام ہونے والے آل پارٹی کانفرنس میں روٹ کی تبدیلی کے بارے میں قائیدین آئندہ لائحہ عمل کااعلان کرینگے بدھ کے روز کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان میں اے این پی کی اپیل پر جو شٹرڈاوٴن ہڑتال کی گئی تھی وہ کامیاب رہی ہے جس پر ہم کوئٹہ سمیت بلوچستان کے عوام انجمن تاجران کا اور دیگر سیاسی جماعتوں کا شکریہ اداکرتے ہیں اور یہ اعلان بھی کرتے ہیں کہ 7مئی بھی کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان میں احتجاجی جلسے جلو س منعقد کئے جائینگے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کے روز کوئٹہ پریس میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری نظام الدین صوبائی سیکرٹر ی اطلاعات بابت کاکا اور نواب زادہ عمر کاسی اور پارٹی کے دیگر صوبائی عہدیدار موجود تھے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ گوادر کاشغر روٹ کی تبدیلی کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی نے کوئٹہ میں ایک تاریخی جلسہ کیا اس کے علاوہ گزشتہ روز اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہر ہ کیا گیا جس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ بلوچستان کے عوام نے گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل کرنے کے خلاف جو احتجاجی جلسہ اور مظاہرے کئے ہیں وہ کامیاب رہیں انہوں نے گیلہ کیا کہ 28تاریخ کو کوئٹہ میں ایک جلسہ عام منعقد کیا جس کی کوریج صحیح نہیں ملی انہوں نے کہا ہم نے یہ اعلان کیا تھا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال 6 کوکوئٹہ آئے یا نہ آئے ہم شٹرڈاوٴن ہڑتال کرینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کی شٹر ڈاوٴ ن ہڑتال جو کامیاب رہی اس نے ثابت کردیا ہے کہ بلوچستان کے عوام گوادر کا شغر روٹ کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 16 مئی کو کوئٹہ میں اے پی سی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں اے ین پی کے مرکزی قائد اسفندیار ولی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین شرکت کرینگے اور اس میں گوادرکاشغر روٹ کے بارے میں اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ تین صوبوں نے گوادر کاشغر روٹ کی تبدیلی کو مسترد کردیا صرف ایک صوبہ اس کی حق میں ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پورے ملک کا ہوتا ہے صرف ایک صوبے کا نہیں ہوتا انہوں نے کہا جس طرح کالا باغ ڈیم بننے نہیں دیا گیا اور و متنازعہ ہوگیا تھا اسی طرح چین نے بھی اپنے مفادات کی خاطر گوادر کا شغر روٹ کو تبدیل کیا ہے جو ہمیں کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے ہم جمہوری لوگ اور ہم جلسے جلوس احتجاج کر رہے ہیں حتمی فیصلے کا اعلان 16مئی کو اے پی سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ اگر گوادر کاشغر روٹ تبدیل کیا گیا تو بلوچستان میں 1970ء کے حالات سے زیادہ خطرناک حالات ہونگے چین صرف اپنا مفادات چاہتاہے اس کو پاکستان یا بلوچستان کے مفادات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے ملاقات کے بعد یہ کہنا کہ مجھے گوادر کا شغر روٹ کے بارے میں وفاقی حکومت نے اعتماد میں نہیں لیا ہے اورمجھے یہ بھی معلوم نہیں کہ پرانا روٹ کیا تھا اور اب نیا روٹ کیا بنایا گیا ہے جب وزیر اعلیٰ بلوچستان یہ اعتراف کرلیتا ہے تو اس بات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ وہ اتنا کمزور وزیر اعلیٰ ہے ۔

متعلقہ عنوان :