پاکستان اور کویت کے مابین پارلیمانی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے،ا سپیکر قومی اسمبلی

بدھ 6 مئی 2015 16:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) پاکستان میں کویت کے سفیر Nawaf Abdulaziz A.A. Aleneziنے پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی ۔ کویتی سفیر سے گفتگو کے دوران اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کویت کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اس کا شمار پاکستان کے برادر ممالک اور اقتصادی معاون میں ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی رابطے پہلے سے موجود برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت دے سکتے ہیں۔

سردار ایاز صادق نے پاکستان اور کویت کے مابین معاشی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک صنعتی ، معاشی اور توانائی کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر کے دونوں ملکوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کویتی سفیر کے ذریعے کویت کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

کویتی سفیر Nawaf Abdulaziz A.A. Alenezi نے اسپیکر قومی اسمبلی کے جذبات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت مختلف شعبوں میں پاکستان کی سپورٹ جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کویتی پارلیمنٹ پاکستان کی قومی اسمبلی سے تعاون کی خواہاں ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کی پارلیمنٹ کے فرینڈشپ گروپس کے ذریعے پارلیمانی رابطوں کو بڑھایا جائے ۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان پارلیمانی اور تجارتی رابطوں سے نہ صرف ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جاسکتا ہے بلکہ معاشی طور پر اس کے خاطر خواہ ثمرات بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :