پی ایم ہاؤس کے طاقت ور اشخاص کی انتظامیہ میں مداخلت

وزارتوں اور پی ایم ہاؤس کے درمیان خلیج بڑ ھنے لگی ،چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنرکے درمیان لڑائی کرانے میں پی ایم ہاؤس کے ایک اہم عہدیدار کے ملوث ہونے کا انکشاف

بدھ 6 مئی 2015 16:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء)وفاق میں پی ایم ہاؤس کے طاقت ور اشخاص کی براہ راست پولیس افسران اور انتظامیہ میں مداخلت کے باعث وزارتوں اور پی ایم ہاؤس کے درمیان دراڑیں پڑنے لگی ہیں۔ایس پی ارم عباسی کی آئی بی میں تعیناتی ،ڈپٹی کمشنر اور چیف کمشنر کے درمیان لڑائی اور پھر تعیناتی کے علاوہ ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو کی معطلی کے معاملات پی ایم ہاؤس سے ڈیل ہونے پر وفاق میں سینکڑوں اجتماعی کا م پر فل سٹاپ لگ گیا ہے۔

اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنرکے درمیان لڑائی کرانے اور پھر ڈپٹی کمشنر شیر دل کو چھٹی پر بھیجنے میں پی ایم ہاؤس کے ایک اہم عہدیدار کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایک طاقت ور شخص شیر دل کو تبدیل کرنے کا حامی ہے جبکہ دوسر ا انہیں واپس بلا کر چیف کمشنر کو رخصت کرنے کی لابنگ میں مصروف ہے۔

دوسری جانب سابق ایس پی ارم عباسی کے خلاف ایکشن لینے والے وزیر کے احکامات کو نہ مانتے ہوئے ارم عباسی کو آئی بی ایک آفیسر کے عہدہ پر تعینات کر دیا گیا ہے ۔ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو جس نے اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر نبھایا تھا مگر انہیں ایک غلط حکم پر نہ صر ف معطل کر دیا گیا بلکہ انکی تنخوائیں بند کرنے کے بھی احکامات دیدیے گئے کہ تاکہ وہ جھک جائیں۔

معلومات کے مطابق پی ایم ہاؤس کی براہ راست وزارتوں اور وفاقی انتظامیہ میں مداخلت کے باعث وزارتیں ڈی مورال ہونے لگی ہیں اور اس سلسلہ میں ہونے والے فلاحی کام بھی التوا کا شکار ہو گئے ہیں کیونکہ ماتحت عملہ اور افسران اس کشمکش کا شکار ہو گیاہے کہ وہ احکامات کس کے مانے ،اس حوالے سے موقف جاننے کے لیے ترجمان مصدق ملک سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ نہ ہو سکا۔