جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ نئے پاکستان کی بنیاد ہو گا،عمران خان

بدھ 6 مئی 2015 16:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی ضرورت ثابت ہوگئی ہے ،جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ نئے پاکستان کی بنیاد ہو گا، الیکشن ٹریبونلز میں ہمیں انصاف نہیں ملنا تھا ،جوڈیشل کمیشن کی وجہ سے بہت سے انکشافات سامنے آرہے ہیں، این اے 125 اورپی پی 155 کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف بھر پور طریقے سے حصہ لے گی۔

بدھ کے روز جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے بعد سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی کارروائی سے ہمارا موقف ثابت ہو رہا ہے ، بہت سے انکشافات سامنے آرہے ہیں، عمران خان نے کہا کہ6,6 بار ووٹ کاسٹ کرنا دھاندلی ہے ،دھاندلی ثابت کرنا الیکشن ٹریبونلز کا کام نہیں ہے بلکہ یہ فیصلہ جوڈیشل کمیشن نے کرنا ہے،ہمیں الیکشن ٹریبونلز سے انصاف کی کوئی توقع نہیں ہے،عمران خان نے کہا کہ این اے125 میں جس نے دھاندلی اور خرابیاں پیدا کی ہیں انہیں قانون کے کٹہرے میں لایاجائے ان مجرموں کا احتساب کئے بغیر دھاندلی روکنا ممکن نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی کارروائی سے بہت سے انکشافات سامنے آرہے ہیں اور ہمارا موقف سچ ثابت ہورہا ہے کہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی جانچ پڑتال کیلئے جوڈیشل کمیشن کا قیام ضروری ہے ،پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار گواہ جوڈیشل کمیشن کے سامنے آرہے ہیں اور اپنا بیان ریکارڈ کرا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران منظم دھاندلی کی گئی ہے اور تھیلوں کو چھری کے ذریعے کاٹا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ این اے 125 اور 155 میں ضمنی الیکشن میں بھر پور حصہ لیں گے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ جن لوگوں ان حلقوں میں نتائج کو تبدیل کئے ہیں اور دھاندلی میں ملوث رہے ہیں ان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے

متعلقہ عنوان :