دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ ہیں، آسٹریلیا

بدھ 6 مئی 2015 15:21

دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ ہیں، آسٹریلیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مئی2015ء) آسڑیلیا کی وزیر خارجہ جولی بشپ دو روزہ سرکاری دورے پر بدھ کو پاکستان پہنچیں جہاں ان کی وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز سے ملاقات ہوئی۔ دفتر خارجہ میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے سمیت علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

جولی بشپ نے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ سرتاج عزیز نے آسٹریلوی وزیر خارجہ کو افغانستان اور ہندوستان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے حوالے سے بھی بریف کیا۔ جولی بشپ 7 مئی کو لاہور جائیں گی جہاں وہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری شہباز شریف سے ملاقات کریں گی۔

(جاری ہے)

وہ ایک منصوبے کا بھی افتتاح کریں گی، جس کے لیے فنڈز آسٹریلوی حکومت کی جانب سے فراہم کیے گئے ہیں۔ آسٹریلوی وزیرخارجہ ایک ایسے وقت میں پاکستان کے دورے پر پہنچی ہیں جب تقریباً 2 ماہ قبل راولپنڈی کے آرمی جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور آسٹریلیا کے چیف آف ڈیفنس فورس ایئر چیف مارشل مارک بنسکن کے مابین ملاقات میں پاکستان اور آسٹریلیا نے دفاع اور سلامتی سمیت ملٹری ٹریننگ کے سلسلے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :