بھارتی اداکار سلمان خان ہٹ اینڈ رن کیس میں مجرم قرار‘ 5 سال قید کی سزا‘ جیل بھیج دیئے گئے

بدھ 6 مئی 2015 14:07

بھارتی اداکار سلمان خان ہٹ اینڈ رن کیس میں مجرم قرار‘ 5 سال قید کی سزا‘ ..

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) ممبئی کی سیشن عدالت نے بالی وڈ اداکار سلمان خان کو ہٹ اینڈ رن کیس 2002 میں مجرم قرار دیتے ہوئے 5 سال قید کی سزا سنادی ،سلمان خان کی فوری ضمانت نہیں ہوسکے گی ،مجرم قرار دےئے جانے پر سلمان خان کے عدالت میں آنسو چھلک پڑے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت میں کئی برسوں سے جاری سماعت اور قانونی جنگ کے بعد ممبئی کے ایک جج ڈی ڈبلیو دیشپانڈے کی جانب سے اس مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے سلمان خان کو پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی ۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ واقعے کے وقت سلمان خان نشے میں تھے اور خود گاڑی چلا رہے تھے اور ان کے خلاف تمام الزامات ثابت ہوگئے ہیں۔سلمان خان ضمانت کیلئے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں،سلمان خان کا میڈیکل چیک اپ کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

،سلمان خان کی فوری ضمانت نہیں ہوسکے گی ،مجرم قرار دےئے جانے پر سلمان خان کے عدالت میں آنسو چھلک پڑے ۔

بالی وڈ اداکار سلمان خان کے خلاف فیصلہ سنانے کے موقع پر عدالت کے باہر ان کے مداحوں کی کثیر تعداد جمع تھی جبکہ ان کے بھائی سہیل خان، ارباز خان اور بہن ارپتا بھی اپنے شوہر آیوش شرما کے ہمراہ عدالت میں موجود تھیں۔واضح رہے کہ سلمان خان پر الزام ہے کہ وہ ستمبر 2002 میں ممبئی میں رات کو شراب پی کر گاڑی چلاتے ہوئے کنٹرول کھو بیٹھے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے، بعد ازاں وہ جائے حادثہ سے فرار ہوگئے۔

سلمان خان کے خلاف قتل، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ، لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے، املاک کو نقصان پہنچانے اور نشے میں دھت ہوکر گاڑی چلانے سمیت آٹھ الزمات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔سلمان خان کی سیکیورٹی سے منسلک ایک کانسٹیبل نے کئی برس پہلے پولیس کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ شراب کے نشے میں دھت بولی وڈ اداکار اپنی گاڑی پر کنٹرول اس وقت کھوبیٹھے جب اس کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔

مذکورہ کانسٹیبل جو 2007 میں ٹی بی کے باعث ہلاک ہوگیا تھا، کا کہنا تھا کہ فٹ پاتھ پر کچھ لوگ سو رہے تھے جن پر گاڑی چڑھ گئی، جس کے بعد سلمان اور (ان کے کزن) کمال وہاں سے فرار ہوگئے۔تاہم سلمان خان کے وکلاء نے جوابی دلیل میں کہا کہ بولی وڈ اسٹار نے اس رات پانی کے سوا کچھ نہیں پیا تھا اور وہ حادثے کے بعد پسنجر ڈور جام ہونے کی وجہ سے ڈرائیور کی سیٹ پر آگئے تھے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ درحقیقت گاڑی کو ہٹانے کے لیے کیا جانے والا آپریشن نوراللہ محبوب شریف نامی شخص کی ہلاکت کا باعث بنا۔جبکہ سلمان خان کے ڈرائیور اشوک سنگھ نے گزشتہ ماہ عدالت میں بیان دیا تھا کہ حادثے کے وقت وہ گاڑی چلا رہا تھا اور یہ حادثہ بائیں ٹائر کے پھٹنے کے نتیجے میں پیش آیا جس کے باعث اسٹیئرنگ اور بریک کا کنٹرول خراب ہوگیا تھا۔

متعلقہ عنوان :