پنوعاقل، سابق صدر پریس کلب اور نجی ٹی وی کے رپورٹر کے خلاف دہشت گردی کا جھوٹا مقدمہ درج، ایک صحافی گرفتار

بدھ 6 مئی 2015 13:17

پنوعاقل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) پولیس کی جانب سے سابق صدر پریس کلب اور نجی ٹی وی کے رپورٹر کے خلاف دہشت گردی کا جھوٹا مقدمہ درج، ایک صحافی گرفتار، پولیس کے اعلیٰ افسران کی مداخلت پر آزادی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات دیر تک پنوعاقل کی پولیس کی جانب سے پنوعاقل پریس کلب کے سابق صدر سینئر صحافی پریل داسو اور نجی ٹی وی کے رپورٹر عاشق جتوئی کے خلاف ایک جھوٹا فریادی کھڑا کرکے پنوعاقل تھانہ پر دہشت گردی کا جھوٹا اور جعلی مقدمہ درج کیا ہے۔

پنوعاقل تھانہ کے اے ایس آئی ذوالفقار چاچڑ نے ایس ایچ او جاوید عالم ابڑو کے حکم پر نجی ٹی وی کے رپورٹر عاشق جتوئی کو گھر جاتے ہوئے راستے سے گرفتار کرکے تھانے میں لاک اپ کردیا جس کے بعد پنوعاقل کے سینئر صحافی تھانے پہنچ کر ایس ایچ او آفس کا گھیراؤ کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی جس کے بعد سکھر پولیس کے اعلیٰ افسران کی مداخلت پر رہا کردیا گیا۔

(جاری ہے)

پنوعاقل کے سینئر صحافی پریل دایو، عنایت بھٹی، مراد عباسی کی قیادت میں ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں یونین آف جرنلسٹ پنوعاقل کے صدر ڈکانو ملانو، قربان جتوئی، گلزار انڈھڑ، راجہ رستم، سلیم خالدی،میاں جان محمد انڈھڑ سمیت دو درجن سے زائد صحافیوں اور عہدیداروں نے شرکت کی جس میں جعلی مقدمہ کی بھرپور مذمت کی اور بعد میں پنوعاقل چونگا چوک سے ریلی کی صورت میں پنوعاقل پریس کلب پر پہنچ کر ایس ایچ او جاوید عالم ابڑو، اے ایس آئی ذوالفقار چاچڑ کے خلاف نعرے بازی کی اور ہاتھوں میں پلے کارڈز پر لکھا ہوا تھا کہ پنوعاقل پولیس کی جانب سے جھوٹے مقدمہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں جس کے بعد پریل دایو، عاشق جتوئی کی قیادت میں صحافیوں نے چھونگا چوک قومی شاہراہ کے سامنے روڈ بلاک کرکے پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔

یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل پنوعاقل کے صحافیوں نے ایس ایچ او پنوعاقل جاوید عالم ابڑو کی جانب سے ہنگوڑو بس اسٹاپ قومی شاہراہ سانگی تھانے کے برابر میں سرکاری پلاٹ پر قبضہ کیا تھا جس میں کورائی واہ میں سے گرین مشینوں کے ذریعے مٹی کا بھراؤ کرا رہا تھا جس کی خبر پر مختلف ٹی وی چینل اور اخبارات میں شائع ہونے پر ایک جھوٹا مدعی کھڑا کرکے پنوعاقل تھانہ پر دہشت گردی کا جھوٹا اور جعلی مقدمہ درج کیا ہے۔

پنوعاقل کے سیاسی، سماجی، مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں اکرم ساگر، اسد کلہوڑو، فرزانہ ملک، ڈاکٹر عبدالرشید عباسی، انجمن اتحاد عباسیہ ضلع سکھر کے صدر عاشق عباسی، ملک برادری رہنما اصغر کمانڈو، سندھ ہاری کمیٹی کے رہنما خادم حسین بلو نے صحافیوں پر درج ہونے والی جھوٹی من گھڑت ایف آئی آر کی شدید مذمت کی ہے۔ دوسری جانب شہریوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔