موسم کی شدت میں اضافے کے بعد شارٹ فال بڑھ کر 5ہزار میگا واٹ کے قریب پہنچ گیا

بدھ 6 مئی 2015 12:45

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) موسم کی شدت میں اضافے کے بعد شارٹ فال بڑھ کر 5ہزار میگا واٹ کے قریب پہنچ گیا ،سسٹم پر دباؤ بڑھنے کی وجہ سے غیر اعلانیہ بجلی کی بندش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہونے لگے ،مختلف علاقوں میں پانی کا بحران بھی شدید ہو گیا جسکے باعث آنے والے دنوں میں احتجاجی مظاہروں میں شدت آنے کا امکان ہے ۔

ذرائع کے مطابق موسم کی شدت بڑھنے کے ساتھ بجلی کی طلب میں اضافے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور طلب بڑھ کر ساڑھے15 ہزار میگا واٹ تک پہنچ چکی ہے جبکہ اسکے مقابلے میں پیداوار 10 ہزار 600 میگاواٹ پر بر قرار ہے ۔مختلف شہری علاقوں میں 9سے 11جبکہ دیہی علاقوں میں 12سے 14گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہے۔ ذرائع کے مطابق موسم گرم ہونے کی وجہ سے بجلی کی طلب میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جبکہ بڑے ڈیموں سے پانی کا اخراج نہ بڑھنے کے باعث پن بجلی کی پیداوار نہیں بڑھائی جا رہی اور پن بجلی ذرائع اپنی استعداد سے نصف بجلی پیدا کر پا رہے ہیں جس کے باعث بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم نہیں ہو پا رہا۔

(جاری ہے)

جبکہ سسٹم پر دباؤ بڑھنے کی وجہ سے غیر اعلانیہ بجلی کی بندش کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ دوسری طرف بجلی کے ساتھ پانی کا بحران بھی سر اٹھانے لگا ہے ۔ ٹیوب آپریٹرز کے مطابق بجلی کی بندش کا شیڈول جاری نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے جسکے باعث عوام کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آرہا ہے ۔ بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ اور پانی کی قلت کے باعث آنے والے دنوں میں احتجاجی مظاہروں میں شدت آنے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :