”ہٹ اینڈ رن کیس“ بھارتی اداکار سلمان خان مرکزی مجرم قرار

بدھ 6 مئی 2015 12:25

”ہٹ اینڈ رن کیس“ بھارتی اداکار سلمان خان مرکزی مجرم قرار

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) بھارتی عدالت نے ہٹ اینڈ رن کیس میں بالی ووڈ اداکارسلمان خان کو مرکزی مجرم قرار دیدیا ہے،سلمان خان فیصلہ سننے کے بعد عدالت میں روپڑے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی عدالت میں ہٹ اینڈ رن کیس کی سماعت ہوئی ، بھارتی اداکار سلمان خان اپنے دوستوں اور لواحقین کے ہمراہ عدالت پہنچے ،عدالت نے ہٹ اینڈ رن کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اداکار سلمان خان کو مجرم قرار دے دیا ہے،عدالت نے اپنے فیصلہ میں کہا ہے کہ سلمان خان پر عائد تمام تر الزامات ثابت ہوگئے ہیں،اداکار سلمان خان 2002رات کے وقت نشے کی حالت میں گاڑی چلارہے تھے اور فٹ پاتھ پرسوئے ہوئے مزدوروں پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ4 زخمی ہوگئے، عدالت نے اپنے فیصلہ میں کہا ہے کہ سلمان خان نے عدالت سے غلط بیانی کی کہ گاڑی ان کا ڈرائیور چلا رہے تھے ،حالانکہ سلمان خان گاڑی خود ڈرائیو کررہے تھے ،عدالت نے فیصلہ میں مزید کہا کہ حادثے کے وقت سلمان خان نشے کی حالت میں دھت تھا اور ان کے پاس کوئی ڈرائیونگ لائسنس نہیں تھا اور سلمان خان زخمیوں کی مدد کی بجائے جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

عدالتی فیصلہ سننے کے بعد اداکار سلمان خان روپڑے اور رومال کے ساتھ اپنے آنسو صاف کرتے رہے ۔بھارتی قانون ماہرین کے مطابق اداکار سلمان خان کو ہٹ اینڈ رن کیس میں کم از کم4 سال اور زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے ۔دوسری جانب اداکار سلمان خان نے رواں سال 4 فلموں کو سائن کر رکھا تھا جبکہ فلمی پروڈیوسر ز نے 2 ارب روپے کی سرمایہ کاری بھی کررکھی تھی جن کا ڈوبنے کا خدشہ ہے۔

متعلقہ عنوان :