گوادر کاشغر روٹ کااولین فائدہ گوادر اور بلوچستان کے عوام کو پہنچناچاہیے، وزیر اعلیٰ

روٹ کی مبینہ تبدیلی کے حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیاگیا ، آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کے مظاہرین سے بات چیت

منگل 5 مئی 2015 22:56

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) وزیرعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ان کا واضح موقف ہے کہ گوادر کاشغر روٹ کااولین فائدہ گوادر اور بلوچستان کے عوام کو پہنچے اس روٹ کی مبینہ تبدیلی کے حوالے سے انہیں باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیاگیا اور وہ خود بھی ابہام کا شکار ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا تھا کہ وہ کوئٹہ آکر عوامی نمائندوں اور میڈیا کو گوادر کاشغر راہداری کے حوالے سے اعتماد میں لیکر اس میں پائے جانے والے ابہام کو دور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وفاقی وزیر سے بات کرکے انہیں کوئٹہ کے دورے کی دعوت دیں گے تاکہ جلد از جلد اس مسئلے کو ختم کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گوادر کاشغر راہداری کی تبدیلی کے حوالے سے آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کی جانب سے اسمبلی کے باہر مظاہرہ کرنے والوں سے بات چیت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ راہداری گوادر کی وجہ سے ہے اگر گوادر نہ ہوتا تو اس راہداری کا منصوبہ بھی نہ بنتا لہذا اس کا فائدہ سب سے پہلے گوادر کے عوام کو اور پھر صوبے کے دیگر علاقوں کے عوام کو پہنچنا چاہئے مظاہرین سے سڑک کے کنارے بیٹھ کر بات چیت کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں فٹ پاتھ پر بیٹھ کر اس طرح بات چیت کرنا اچھا لگتا ہے کیونکہ وہ خود بھی عوام میں سے ہیں اور ایک سیاسی ورکر بھی ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی نے بھی روٹ کی تبدیلی کے خلاف قرارداد پاس کی ہے ہم سب کا اس حوالے سے مشترکہ مؤقف ہے کہ گوادر کاشغر راہداری کا فائدہ پورے بلوچستان کو پہنچنا چاہئے اس موقع پر ایکشن کمیٹی کے قائدین نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبے کے حقوق کے حصول کے حوالے سے وزیراعلیٰ کے ساتھ ہیں ایکشن کمیٹی کے قیام کا مقصد بھی صوبے کے عوام کے حقوق کا تحفظ ہی ہے راہداری کا فائدہ صوبے کے بلوچ اور پشتون عوام سب کو پہنچنا چاہئے انہوں نے کہا کہ صوبے کی قوم پرست حکومت سے عوام کو بہت زیادہ توقعات ہیں اور ہم صوبے اور عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت کے ہر اقدام کی حمایت کرتے ہیں ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل اور اراکین صوبائی اسمبلی ، زمرک خان اچکزئی اور پرنس علی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :