دو برس میں ملک کی ترقی ہو ئی نہ ہی غریبو ں کی خوشحالی کیلئے کوئی اقدام کیاگیا،نوازحکومت کے ہنی مون کے دن گنے جاچکے ہیں ،سراج الحق

عوام اب حکمرانوں کے چہرے دیکھ دیکھ کر تنگ آچکے ہیں ، حکومت آخر عوام کے مسائل کب حل کریگی ،وفاقی حکومت کاشغر گوادر روٹ کو متنازعہ نہ بنائے،اتین کی ترقی کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کرسکتی ،محنت غریب مزدور کرتا ہے اور مزے سرمایہ دار کرتا ہے ظلم کے اس نظام کو مزید نہیں چلنے دیں گے،امیرجماعت اسلامی کاشبقدرمیں جلسہ عام سے خطاب

منگل 5 مئی 2015 22:55

دو برس میں ملک کی ترقی ہو ئی نہ ہی غریبو ں کی خوشحالی کیلئے کوئی اقدام ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے وفاقی حکومت کی گذشتہ دو سال کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی حکومت کے ہنی مون کے دن گنے جاچکے ہیں ،گذشتہ دو برس میں نہ تو ملک کی ترقی اور نہ ہی غریبو ں کی خوشحالی کیلئے کوئی اقدام کیا ہے۔نہ کوئی منصوبہ بنایا ہے،عوام اب حکمرانوں کے چہرے دیکھ دیکھ کر تنگ آچکے ہیں ،ہم پوچھتے ہیں کہ حکومت آخر عوام کے مسائل کب حل کریگی ،وفاقی حکومت کاشغر گوادر روٹ کو متنازعہ نہ بنائے اور قومی قیادت کو اس پر اعتماد میں لے ،خواتین کی ترقی کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کرسکتی ،ملک بھر کے غریبوں اور مزدوروں کو متحرک کرکے ملک میں مزدور راج قائم کرونگا،محنت غریب مزدور کرتا ہے اور مزے سرمایہ دار کرتا ہے ظلم کے اس نظام کو مزید نہیں چلنے دیں گے،خیبر پختونخوا میں 30 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ترازو کے نشان پر مہر لگاکر اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کی منزل حال کرنے کیلئے جماعت اسلامی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں ، گیس ، اور روزگار کے مسائل کیا قیامت کو حل ہوں گے؟ ملک پر صرف دو جماعتوں مسلم لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت رہی ہے لیکن ان دونوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

غریب باہر سے کما کر ملک میں پیسے لاتا ہے اور حکمران عوام کے پیسے لوٹ کر باہر کے ممالک میں منتقل کرتے ہیں۔ 68سال سے ملک پر انگریزوں اور امریکہ کے وفاداروں کی حکومت رہی ہے ۔ وطن سے محبت صرف غریب کرتا ہے اور وہی اس کے لئے خون بہاتا ہے۔ عوام غربت ، جہالت اور مہنگائی کے خاتمے کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ اگر عوام نے ساتھ دیا تو پانچ خطرناک بیماریوں کا مفت علاج کریں گے۔

تیس ہزار سے کم آمدنی والے عوام کو بنیادی ضروریات پر سبسڈی دیں گے۔ خواتین کو ان کے بنیادی حق دیں گے۔ چوک اور چار دیواری زینت بنانے کے بجائے ان کو تعلیم اور ملازمتوں میں حق دے کر ترقی یافتہ بنائیں گے۔ اگر خواتین ترقی کریں گی تو قوم ترقی کرے گی۔ 30مئی خوانین اور جاگیر داروں کے لئے یوم الحساب ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شبقدر پارک میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جلسہ عام میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان،صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اﷲ خان ایڈوکیٹ ، ضلعی امیر مصباح اﷲ، سیکرٹری جنرل ملک سجاد احمد ، تحصیل شبقدر کے امیر قاری شفیع اﷲ سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ جلسہ عام میں قومی وطن پارٹی ،پاکستان پیپلز پارٹی جے یوآئی ف ،مسلم لیگ ن ،اور پاکستان تحریک انصاف کے 49 سرکردہ رہنماؤں نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مرکزی حکومت اب تک عوام کو کچھ نہیں دے سکی۔ ہنی مون کے دن ختم ہوگئے، اب حساب کتاب کے دن ہیں۔ چین پاکستان کی ترقی کے لئے چھیالیس ارب ڈالر کا منصوبہ پیش کررہا ہے لیکن حکومت نے اس پر کسی سے کوئی مشاورت نہیں کی اور اسے متنازعہ بناجارہا ہے۔ حکومت فوری پر اس منصوبے کے لئے مشاورت کا آغاز کرے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے انگریزوں کی غلامی اور چاکری کی، انگریز نے انہیں بڑی بڑی زمینیں اور انعامات دئیے۔

انگریزوں کے جانے کے بعد وہی غلام اب ہمارے حکمران بن بیٹھے ہیں۔ پنجاب کا چودھری ، سندھ کا وڈیرہ ، بلوچستان کا سردار اور خیبر پختونخوا کا خان وہی لوگ ہیں۔ انہی لوگوں کے ہاتھوں پاکستان آج ویران ہے۔ ہم غریبوں کے دوست ہیں ، انہی کے ساتھ رہتے ہیں اور انہی کے حقوق کے لئے میدان میں اترے ہیں۔ جو لوگ آج غریب کی بات کرتے ہیں انہوں نے ایک رات بھی غریب کے ساتھ نہیں گزاری ۔

انہوں نے بھوک نہیں دیکھی، ان کے بچے بیرون ملک تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ وہ عام ہسپتال میں اپنا علاج نہیں کراتے ،آج ملک صرف دو فیصد کرپٹ اشرافیہ کے ہاتھوں یرغمال ہے۔ انہی کی وجہ سے غریب کا بچہ کتاب اور قلم سے محروم ہے۔ غریب کو اس کے حقوق نہیں ملتے ، وہ صرف بل اور ٹیکس ادا کرتا ہے اور اس کا بچہ سکول جانے کے بجائے ہوٹل میں برتن مانجھتا ہے اور کوڑے کے ڈھیر سے رزق تلاش کرتا ہے۔

غریب پورا دن مزدوری کرتا ہے اور رات کو لوڈ شیڈنگ کا عذاب سہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے لوگ بھی وزیر اور دیگر بڑے عہدوں پر رہ چکے ہیں لیکن ان کا دامن پلاٹ، کمیشن اور کرپشن سے پاک ہے۔ سینئر وزیر کی حیثیت سے میں نے اپنے دفتر کا اے سی بند کروادیا کہ جب تک ہر گھر میں اے سی نہیں لگتا اس وقت تک میرے دفتر میں بھی اے سی نہیں چلے گا۔

اس وقت ملک میں محنت مزدور کررہا ہے اور مزے دوسرے لوٹ رہے ہیں ۔ ہم کارکانے کے منافع میں مزدور کواور کھیت میں کسان کو حصہ دینا چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی مزدوروں اور غریبوں کی جماعت ہے۔ جب ملک میں مزدورں اور غریبوں کی حکومت آئے گی تو مزدور اور غریب ترقی کرے گا اور انہیں اپنے حقوق ملیں گے۔ صدر مملکت اور غریب کا بیٹا ایک کتاب میں اور ایک نظام تعلیم کے تحت تعلیم حاصل کرے گا۔

ہم طبقاتی نظام ختم کریں گے ، ترقی وہی کرے گا جو محنت کرے گا۔ اس وقت دھوکے اور کرپشن کے ذریعے ترقی کے زینے نے کئے جاتے ہیں۔ ملک کو لوٹنے والوں کا سر عام احتساب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی جب ملک اسلامی پاکستان بنے گا تب ہی یہ خوشحال ہوگا۔ ہم اپنی حکومت میں یرقان ، کینسر ، دل ، گردے اور تھیلیسیمیا جیسی خطرناک بیماریوں کا علاج مفت کرائیں گے۔

جب سینیٹر ، ایم این اے اور وزیر کا علاج مفت ہوسکتا ہے تو غریب کا علاج بھی مفت ہوگا۔ ہم پانچ ضروری اشیاء آٹا، دال ، چینی، چائے اور چاول پر سبسڈی دیں گے۔ آج برطانیہ ، یورپ ، کینیڈا اور دیگر ممالک میں غریب لوگوں کو ریلیف دی جاسکتی ہے تو پاکستان تو ایک اسلامی ریاست ہے ،یہاں ہم عوام کو ریلیف ضرور دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو لوٹنے والوں کا قیامت کے روز حساب ہوگا لیکن ہم نے بھی ان کرپٹ لوگوں کی فہرستیں تیار کی ہیں۔

اگر عوام نے ہمارا ساتھ دیا تو یہ لوگ بچ نہیں سکیں گے اور ان سے قوم کی ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔ عوام نے ماضی میں جو غلطیاں کی ہیں پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ اور اے این پی جیسی جماعتوں کو ووٹ دیا ہے اور ان سب نے ان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ اس بار تجرباتی بنیاد پر جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ جماعت اسلامی عوام کو ایک بہترین قیادت اور اچھی حکومت دے گی۔

عوام اس ملک میں اﷲ کے نظام کے نفاذ کے لئے ہمارے بازو مضبوط کریں۔ اس ملک میں عدل اور انصاف کے نظام کے لئے ترازو کے نشان پر مہر لگائیں۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو چارسدہ موٹروے انٹرچینچ سے ایک بڑے جلوس کی شکل میں چارسدہ لایا گیا جہاں پر سڑک کے دونوں اطراف ہزاروں لوگ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے استقبال کیلئے موجود تھے جبکہ ارد گرد کی عمارتوں کی چھتوں پر لو گوں کی بڑی تعدا د بھی سراج الحق کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے موجود تھی امیر جماعت اسلامی جب شبقدر بازار پہنچے تو انکو تانگے میں سوار کرکے ایک بڑے جلوس کی شکل میں شبقدر پارک لایا گیا ۔

متعلقہ عنوان :