قائد اعظم سولر پارک منصوبہ چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری پاکستان پر خود اعتمادی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، ملک میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے سرمایہ کاری رک جاتی ہے ، چینی صدر نے دھرنوں کی وجہ سے دورہ منسوخ کیا ، این اے 125 میں دوبارہ الیکشن ہونا چاہئے

وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کی نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 5 مئی 2015 22:38

اسلام آبا د( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قائد اعظم سولر پارک کا منصوبہ پنجاب حکومت کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے ، چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری پاکستان پر خود اعتمادی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، ملک میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے سرمایہ کاری رک جاتی ہے ، ستمبر میں چینی صدر نے دھرنوں کی وجہ سے دورہ منسوخ کیا ، این اے 125 میں ری الیکشن ہوتاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے ۔

وہ پیر کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ وزراء سمیت 5 ماہ تک اسلام آباد میں کنٹینر پر بیٹھے رہے ۔ انہوں نے صوبے کے ترقیاتی کاموں کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جبکہ پنجاب حکومت محتن کرتی رہی اور آج بہاولپور میں قائد اعظم سولر پارک کا افتتاح پنجاب حکومت کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

اب پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور عالمی سطح پر بھی اسے تسلیم کرلیا گیا ہے ۔ انوہں نے کہا کہ جب بھی ملک میں سیاسی عدم استحکام کی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو ملک میں سرمایہ کاری رک جاتی ہے اور ستمبر میں چینی صدر نے دھرنوں کی وجہ سے اپنا دورہ پاکستان منسوخ کیا تھا ۔ اب چینی صدر کا دورہ اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا ان کی پاکستان پر خود اعتمادی کا ثبوت ہے ، وفاقی وزیر نے کہا کہ این اے 125 کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنا ہمارا حق ہے لیکن اس کے لئے پارٹی مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔

باقی کام الیکشن کمیشن کا ہے وہ کیا فیصلہ کرتا ہے ابھی کچھ معلوم نہیں ۔ میری ذاتی رائے یہی ہے کہ این اے 125 میں دوبارہ الیکشن ہونا چاہیے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے اور کسی کو کوئی شبہ نہ رہے ۔