سرکاری محکمے اہداف کا حصول یقینی بنائیں،صوبائی وزیر خزانہ مظفرسید

منگل 5 مئی 2015 22:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء)خیبر پختونخواکے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے تمام محکموں پر زور دیا ہے کہ وہ آمدن و اخراجات میں توازن کے علاوہ اہداف کا سو فیصد حصول یقینی بنائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے اخراجات کے مقابلے میں آمدن بڑھانے پر توجہ نہ دی تو ہم حکومت اور عوام دونوں سطح پر مقروض بنتے چلے جائیں گے جبکہ مرکز پہلے ہی صوبے کو اپنے جائز آئینی مالی حقوق کی ادائیگی سے قاصر ہے۔

وہ سول سیکرٹریٹ پشاور کے کمیٹی روم میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری سے متعلق مشاورتی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں تمام محکموں کے متعلقہ وزراء اور انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی اور اپنے ترقیاتی اہداف و مالی ضروریات و آمدن سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

(جاری ہے)

مظفر سید نے محکموں کو مزید تاکید کی کہ وہ اہداف کا حصول اور کارکردگی زیادہ سے زیادہ بہتر بنائیں کیونکہ آئندہ اسی بنیاد پر انہیں فنڈزملیں گے۔

انہوں نے اس ضمن میں محکمہ خوراک کی کارکردگی کو بطور خاص سراہا تاہم واضح کیاکہ محکمے آئندہ کئی عشروں کے ویژن کے مطابق ترقیاتی حکمت عملی اپنائیں تاکہ مشکل ترین حالات میں بھی عوام کوریلیف ملتا رہے اور کوئی بحران سر نہ اٹھانے پائے ۔وزیر خزانہ نے سٹریٹ چلڈرن،معذور و عمر رسیدہ افراد اور نشئی افراد کی بحالی سمیت سماجی بہبود کی سکیموں کی جامع منظوری و شمولیت کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ یہ فلاحی اسلامی ریاست کا اولین تقاضا ہے انہوں نے صوبے کے بعض دور افتادہ دیہی علاقوں میں آبنوشی کی سکیموں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ آبنوشی کو صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی اور اس بات پر افسوس ظاہر کیاکہ ایسے کئی ٹیوب ویلوں کے لئے لاکھوں روپے کی ادائیگی واپڈا کو دس دس سالوں سے ہو چکی ہوتی ہے مگر یہ مختلف وجوہات کی بناء پر بند رہتے ہیں اور عوام آبنوشی جیسی بنیادی سہولت سے محروم رہتے ہیں جسے مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے انہوں نے محکموں میں نگرانی کا عمل مزید موثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔