عوام اپنے حق اور انصاف کیلئے تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں، پرویز خٹک

منگل 5 مئی 2015 22:30

عوام اپنے حق اور انصاف کیلئے تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں، پرویز خٹک

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عوام اپنے حق اور انصاف کیلئے تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی اصلاحات کے نتیجے میں جو تبدیلی آئی ہے اُس سے اب صوبے میں نوکریوں اور ٹھیکوں سمیت کوئی بھی چیز بکاؤ نہیں رہی اور نہ ہی سرکاری محکموں اور اداروں میں کسی کو رشوت طلب کرنے یا غریب عوام سے کوئی زیادتی کرنے کی جرات ہے اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے وزیر اعلیٰ اور وزراء کے اختیارات بھی بلدیاتی نظام کے ذریعے عوام کو دے دیئے ہیں لیکن خیبرپختونخوا میں آنے والی تبدیلی ماضی میں کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کرنے والے ہمارے مخالفین کو نظر نہیں آئے گی بلکہ ہر اُس غریب اور کمزورآدمی کو نظر آئے گی جو اپنے حقوق اور انصاف کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہمیشہ تکلیف میں رہا ہے یہ باتیں اُنہوں نے منگل کے روز اپنے دورہ کوہستان کے دوران دوبیر کے مقام پر بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیں جلسہ سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بین الصوبائی رابطہ عبدالحق، پی ٹی آئی کے صوبائی صدرمحمد اعظم سواتی اور سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک اورنگزیب نے بھی خطاب کیا سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان، تحریک انصاف کے ضلعی رہنماؤں و کارکنوں اور عمائدین علاقہ سمیت عوام کی کثیر تعداد نے جلسہ میں شرکت کی اس موقع پر سابق ایم پی اے ملک اورنگزیب نے اپنے حامیوں اور اہل خاندان سمیت پی ٹی آئی میں تاحیات شمولیت کا اعلان بھی کیا وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں ملک اورنگزیب کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملک کے غریب اور کمزور طبقوں کو اُن کے حقوق اورانصاف فراہم کرنا ہے تو اس کیلئے سیاستدانوں اور نوجوانوں کیلئے پی ٹی آئی کے سواء کوئی راستہ نہیں اُنہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں کرپٹ قیادت اور سیاستدانوں کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے عام آدمی پتھر کے دور کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے اُنہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ایماندار اور مخلص قیادت کے سواء کسی چیز کی کمی نہیں اور پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے پونے دو سال میں چوروں اور لیٹروں کا مقابلہ اپنی ایمانداری اور خلوص نیت سے کیا ہے اور چوروں کیلئے کرپشن کے تمام راستے بند کردیئے ہیں اُنہوں نے کہا کہ جو تھوڑے بہت راستے رہ گئے ہیں اُنہیں بھی وسل بلوور ایکٹ جیسی قانون سازی کے ذریعے بند کیا جا رہا ہے جبکہ ایک اور قانون کے تحت سرکاری ملازمین سمیت کوئی بھی فرد چوری اور سمگلنگ وغیرہ کی نشاندہی کرکے بھاری انعام حاصل کر سکے گا پرویز خٹک نے کہا کہ لوگوں نے ہمیں تبدیلی کے نعرے پر منتخب کیا ہے اور اسی لئے ہم نے دو سال میں نظام بدلنے اور کرپشن کے خلاف جہاد کے سواء کچھ بھی نہیں کیا اُنہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں ہمیں اسلئے حاصل ہو ئی ہیں کہ ہمارا لیڈر ایماندار اور مخلص ہے اور وہ قوم کیلئے درد رکھتا ہے اُنہوں نے کہا کہ عوام تحریک انصاف کے ساتھ یونہی کھڑے رہے تو پورے ملک میں تبدیلی خود بخود آجائے گی وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج صوبے میں ایسا نظام قائم کردیا گیا ہے کہ کوئی استاد سکول سے غیر حاضری کا سوچ بھی نہیں سکتا جبکہ پولیس اور پٹوارخانوں کا نظام بھی درست کردیا گیا ہے جس کے باعث آج ہم پولیس کو رشوت خور کہنے کے بجائے اس پر فخر کرتے ہیں اُنہوں نے کہا کہ ہم یکساں نظام تعلیم سے امیر اور غریب کا فرق بھی مٹائیں گے اور سرکاری سکولوں کا نتیجہ اطمینان بخش نہ ہوا تو اساتذہ سے اس کی باز پرس ہو گی پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف عوام کو اُن کے حق اور انصاف کی فراہمی کے وعدے پر کاربند ہے اور صوبائی حکومت کے نئے نظام کا اصل فائدہ بھی عام آدمی کو ہی ہو گا اور آئندہ دو سال میں صوبے میں مزید بہتری دیکھنے کو ملے گی اُنہوں نے کہا کہ ہر جگہ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور خستہ حال سرکاری عمارتیں ماضی کے حکمرانوں کی رشوت اور کمیشن خوری کی واضح علامتیں ہیں اُنہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقے میں تعمیراتی کاموں پر کڑی نظر رکھیں اور ناقص کاموں کی نشاندہی کریں جس پر اُنہیں ایک مجوزہ قانون کے تحت انعام بھی ملے گا وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ہسپتالوں میں طبی عملے کی ہڑتالوں کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے جس کے بعد کوہستان سمیت تمام اضلاع کے ہسپتالوں میں ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ دستیاب ہو گا اُنہوں نے کہا کہ صوبے میں چار سو ارب روپے کی لکڑی کاٹ کر سمگل کی گئی ہے لیکن اب سائنسی طریقوں سے لکڑی چوری کو روکا جائے گا اور تین سال میں ایک ارب نئے پودے لگائے جائیں گے اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی عبد الحق کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات کے جواب میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کوہستان میں بوائز اور گرلز کالج کے قیام، دو مراکز صحت کی اپ گریڈیشن، سیلاب سے متاثرہ پلوں کی بحالی، پولیس نفری میں اضافے، 70 کلومیٹر شنگل روڈ کی تعمیر، میڈیکل اور انجینئرنگ کالجوں میں کوہستان اور گلگت کے طلبہ کیلئے کوٹے میں اضافے ، نئی جیل کی تعمیر اور سرکاری محکموں میں افسروں اور دیگر عملے کی کمی پوری کرنے کے اعلانات بھی کئے دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخو اپرویز خٹک کوہستان کی تحصیل پٹن میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی عبد الحق کی رہائش گاہ پر بھی گئے اور وہاں پی ٹی آئی کے ضلعی و تحصیل عہدیداروں سے ملاقات کی ۔