بین المسالک بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے پاکستان علماء کونسل اپنی جدوجہد جاری رکھے گی‘14مئی کو اسلام آباد میں تمام مکاتب فکر اور مذاہب کے قائدین کی ہونیوالی قومی کانفرنس میں آئندہ کے متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا

مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل طاہر اشرفی کا تحفظ حرمین کانفرنس سے خطاب

منگل 5 مئی 2015 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل طاہر اشرفی نے کہاہے کہ بین المسالک بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے پاکستان علماء کونسل اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،دفاع حرمین اور سعودی عرب کی سلامتی و استحکام کو شیعہ سنی مسئلہ بنانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہیں،مملکت سعودی عرب کی سلامتی و استحکام میں ہی عالم اسلام کا استحکام ہے، 14مئی کو اسلام آباد میں تمام مکاتب فکر اور مذاہب کے قائدین کی ہونے والی قومی کانفرنس میں آئندہ کے متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جاے گا۔

وہ منگل کو پاکستان علماء کونسل کے سیالکوٹ کے زیر اہتمام ہونے والی تحفظ حرمین کانفرنس سے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی وائس چیئرمین مولانا عبد الکریم ندیم ،مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ،مولانا ایوب صفدر،میاں راشد منیر ،محمد نواز،حافظ عثمان بشیر ،صوفی رضوان تبسم ،مولانا اشفاق پتافی،مفتی منیر احمد ،مولانا نور الحسن ،مولانا سجاد احمد ،مولانا احسان احمد حسینی ،پروفیسر عبد اﷲ ،مولانا صالح عثمانی ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور حلف دیا کہ پاکستان میں کسی بھی قسم کی فرقہ وارانہ کو ششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حرمین شریفین کی ناموس اور مملکت سعودی عرب کے تحفظ اور دفاع کیلئے آج پوری قوم متحد اور ایک آواز ہے۔تمام مکاتب فکر اور مذاہب نے متحدہوکر پاکستان میں شیعہ سنی تنازعات کو نہ پہلے کامیاب ہونے دیا ہے نہ آئندہ ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا خام الحرمین الشریفین اور سعودی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ اب کوئی بْری نظر مملکت سعودی عرب کی طرف نہیں دیکھ سکتی۔مسلم امہ کو اتحاد اور وحدت کی ضرورت ہے۔ ایک طرف ارض حرمین پر حملے کے خطرات بڑھ رہے ہیں اور دوسری طرف توہین آمیز خاکوں کے ذریعے مسلمانوں کے جذبات و احساسات کو مجروح کیا جارہاہے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ امریکہ میں توہین آمیز خاکوں کی نمائش کیخلاف جمعہ 8مئی کو ملک بھر میں پاکستان علماء کونسل کی ذیلی تنظیم وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ)کے تحت ملک بھر کی 76ہزار سے زائد مساجد میں مذمتی قرار دادیں پیش کی جائیں گی۔

مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں یمن سعودی عرب کے مسئلہ پر فرقہ وارانہ تشدد پھیلانے والی قوتوں کیخلاف ایکشن لے۔مولانا عبد الکریم ندیم نے کہا کہ پوری دنیا کے امن پسند توہین آمیز خاکوں اور ارض حرمین پر حملے کی دھمکیوں کیخلاف ہیں۔مولانا ایوب صفدر نے کہا کہ امریکہ میں توہین آمیز خاکوں کی نمائش سے بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کام کرنے والی قوتوں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے۔توہین آمیز خاکوں کی نمائش پوری دنیا کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :