عوام نے ووٹ کی طاقت سے خدمت اور انتشار کی سیاست میں فرق واضح کردیا ،آلہ کار حاسدین کاسیاسی فوڈ پوائزن ختم نہیں ہوگا،کہ امریکی ڈالروں کے بریف کیس بھر بھر کر باہر بھجوانے والوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا ،ہم ملک میں سرمایہ کاری لانے کی کوشش کرتے ہیں ،یہ لوگ اسلام آباد ڈی چوک میں تھیٹر لگاتے ہیں

وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کی مسلم لیگ یوتھ ونگ راولپنڈی ڈویڑن کے رہنما?ں سے ملاقات میں گفتگو

منگل 5 مئی 2015 22:09

راولپنڈی/ اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) پانی و بجلی کے وفاقی وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) پہلے،آزاد امیدوار دوسرے،پی ٹی آئی تیسرے،ایم کیو ایم چوتھے اور پیپلز پارٹی نے پانچویں پوزیشن حاصل کی ،عوام نے ووٹ کی طاقت سے صحیح معنوں میں خدمت اور انتشار کی سیاست میں فرق واضح کردیا ،آلہ کار حاسدین کاسیاسی فوڈ پوائزن ختم نہیں ہوگا۔

وہ منگل کو مسلم لیگ یوتھ ونگ راولپنڈی ڈویڑن کے جوائنٹ سیکریٹری شیخ منیر احمد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ امریکی ڈالروں کے بریف کیس بھر بھر کر باہر بھجوانے والوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیاہم وولٹیج بناتے ہیں یہ واٹ لگاتے ہیں ہم ملک میں سرمایہ کاری لانے کی کوشش کرتے ہیں یہ اسلام آباد ڈی چوک میں تھیٹر لگاتے ہیں،ہم ملک میں امن کیلئے جدو جہد شروع کرتے ہیں یہ باہر بیٹھ کر ڈگڈگی بجانا اور بند رناچ دکھانا شروع کردیتے ہیں آخر کب تک ایسا چلے گا؟۔

(جاری ہے)

ان کے پاس انتخابات میں دھاندلی کا کوئی ثبوت نہیں ہے یہ لوگ ملک کو معاشی طور پرمضبوط ہوتے اور پھلتاپھولتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے صرف اس لیئے حکومت کی راہ میں روڑے اٹکارہے ہیں کیونکہ وزیراعظم نواز شریف ملک میں بجلی کا بحران ختم کرنا چاہتے ہیں،نئے صنعتی یونٹ لگ رہے ہیں،ملک میں سرمایہ کاری آرہی ہے،میٹرو بس پراجیکٹ اور چائنہ کوریڈور جیسے اہم منصوبے بن رہے ہیں سیاسی حاسدین کو یہ بات ایک آنکھ نہیں بھاتی ،چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ خدارا ! اس ملک کو چلنے دیا جائے ،سیکورٹی اداروں کے افسران اور اہلکار اس ملک کے دفاع کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں ،کنٹونمنٹ انتخابات میں تیسرے،چوتھے اور پانچویں نمبر پر آنیوالی جماعتوں کو اپنے قول و فعل میں تضاد کا از سر نو جائزہ لینا ہوگا وگرنہ عوام آئندہ انتخابات میں ان جماعتوں کو چلتا پھرتا کردیں گے۔

انہوں نے مذید کہا کہ جس طرح پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنی پانچ سال کی آئینی مدت پوری کی اسی طرح مسلم لیگ (ن) کی حکومت بھی اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور عوام دونوں حکومتوں کی کارکردگی کا موازنہ کرنے میں حق بجانب ہونگے اور کوئی حتمی نتیجہ اخذ کرسکیں گے۔