Live Updates

حلقہ این اے 125 بارے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے پر عمران خان زیادہ چھلانگیں نہ لگائیں،اس سے وہ نالے میں گرسکتے ہیں ، ابھی اس فیصلے کو چیلنج ہونا ہے، آصف زرداری اور ذوالفقار مرزا آپس میں گہرے دوست تھے ،ان کے درمیان سیاسی لڑائی نہیں ، جائیداد کے بٹوارے کا جھگڑا ہے، عمران خان جھوٹ بول رہے ہیں ،کرکٹ میں نیو ٹرل امپائر نور خان لائے تھے

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اﷲ خان کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت

منگل 5 مئی 2015 22:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) وفاقی وزیربرائے موسمیاتی تبدیلی مشاہد اﷲ خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 کے مبینہ دھاندلی کے حوالے سے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان خوشی کی چھلانگیں نہ لگائیں کہیں وہ نالے میں نہ گر جائیں یا ان کا پاؤں ہی نہ ٹوٹ جائے ، ابھی اس فیصلے کو چیلنج ہونا ہے، عمران خان یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ کرکٹ میں نیو ٹرل امپائر لائے تھے یہ سب جھوٹ کا پلندہ ہے نیو ٹرل امپائر تو نور خان لائے تھے۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور ذوالفقار مرزا آپس میں گہرے دوست تھے ان کے درمیان سیاسی لڑائی نہیں بلکہ جائیداد کے بٹوارے کا جھگڑا ہے۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حلقہ 125 کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کی 7 پولنگ اسٹیشنز کی رپورٹ آئی ہے اس میں کہیں نہیں لکھا کے امیدواروں نے دھاندلی کی ہے بلکہ عملہ کی کوتاہی ہے اس کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان خوشی کی چھلانگیں نہ لگائیں کہیں پاؤں میں موچ نہ آ جائے۔ اس فیصلے کو چیلنج ہونا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے دھرنے کے دوران جو دعوے کئے تھے ان میں سے کوئی سچ ثابت نہیں ہوا بلکہ اپنے کزن طاہر القادری سے مل کر ملک اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا حالانکہ طاہر القادری کا مسئلہ دھاندلی تو نہیں تھا ان کا مسئلہ تو کوئی اور تھا وہ دھاندلی کے دھرنے میں کیسے شامل ہو گئے تھے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں۔ دھرنے میں لوگوں کو گمراہ کرتے رہے کہ ابھی تھرڈ امپائر انگلی اٹھانے والے ہیں ابھی حکومت ختم ہو جائے گی نہ تھرڈ امپائر کی انگلی کھڑی ہوئی نہ حکومت گئی اصل میں امپائر نے انگلی کوئی اور کھڑی کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ کرکٹ میں نیو ٹرل امپائر لائے تھے یہ سب جھوٹ کا پلندہ ہے نیو ٹرل امپائر تو نور خان لائے تھے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ذوالفقار مرزا کے درمیان لڑائی سیاسی نہیں بلکہ جائیداد کے بٹوار کا جھگڑا ہے۔ ذوالفقار مرزا اپنی سابق پریس کانفرنسوں میں دعویٰ کیا کرتے تھے کہ ان کے پاس اڑھائی ہزار ایکڑ زمین اور شوگر ملیں ہیں اصل میں تھی کسی اور کی تھی یہ صرف فرنٹ مین تھا اب جب بٹوارہ ہونے لگا ہے تب ان کے درمیان لڑائی شروع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا حالانکہ خود کہتے تھے کہ میرا سب کچھ آصف علی زرداری کا دیا ہوا ہے اب اس جائیداد کا جھگڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ذوالفقار مرزا کسی کے خلاف پریس کانفرنس کرتے تھے تو یہی لوگ ان کی تعریف کرتے تھے اب وہی لوگ اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات