بلدیاتی الیکشن میں کامیابی اے این پی کا مقدر ہے،سردارحسین بابک

صرف ایک ضلع تک محدود پارٹی کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے جماعت اسلامی نے ساری زندگی عوام کے دلوں پر نہیں سہاروں کی بنیاد پر سیاست کی ،پارلیمانی لیڈر عوامی نیشنل پارٹی

منگل 5 مئی 2015 21:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر و ترجمان سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں کامیابی اے این پی کا مقدر ہے اور دیر کے غیور عوام دہشت گردوں کیلئے نرم گوشہ رکھنے والوں کو بری طرح مسترد کر دیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر لوئر میں انتخابہ مہم کے دوران مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ صرف ایک ضلع تک محدود پارٹی کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ جماعت اسلامی نے ساری زندگی عوام کے دلوں پر نہیں بلکہ سہاروں کی بنیاد پر سیاست کی ہے اور زندگی بھر دہشت اور وحشت کی وکالت کرنے والی جماعت کبھی عوام میں مقبول نہیں رہی اور یہی وجہ ہے کہ تنگ نظری اور انتہا پسند سوچ نے اس جماعت کو محدود سے محدودتر کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روس اور امریکہ کی جنگ میں امریکی ایما پر جہاد فی سبیل اﷲ کا نعرہ لگانے والی جماعت کون سے اسلام کی جنگ لڑ رہی ہے سردار حسین بابک نے کہا کہ اسلام کے نام پر سیاست کرنے والی جماعت نے اس خطے میں شدت پسندی کو تقویت دی ہے اور اس کے برعکس عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے سروں کے نذرانے دے کر دہشت گردی کی نہ صرف مخالفت کی ہے بلکہ ملک وقوم کی خاطر کھلے عام اس کے خلاف مزاحمت بھی کی ہے، انہون نے کہا کہ عوام اب باشعور ہو چکے ہیں اور اب دہشت گردوں کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے انہیں مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی میں عوام کی جوق در جوق شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اے این پی کو اپنا نجات دہندہ تصور کرتے ہیں اور بلدیاتی الیکشن میں کامیابی کے بعد اے این پی عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرے گی۔