گورنر خیبرپختونخوا نے مہمندماربل سٹی کو مکمل طور پر فعال بنا نے کاحکم دیدیا

مقامی وسائل سے استفادہ پرمبنی منصوبہ علاقہ کی تعمیروترقی ، روزگار کی فراہمی،معاشی استحکام کیلئے اہمیت رکھتا ہے، تکمیل میں تاخیربرداشت نہیں کی جائیگی، سردارمہتاب احمدخان

منگل 5 مئی 2015 21:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان نے مہمندماربل سٹی کو مکمل طور پر فعال بنانے میں سست روی پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے اس کی باؤنڈری وال کی تکمیل سمیت باقی ماندہ تمام کام جلدازجلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقامی وسائل سے استفادہ پرمبنی یہ منصوبہ علاقہ کی تعمیروترقی ، روزگار کی فراہمی اور معاشی استحکام کیلئے بہت اہمیت رکھتاہے جس کی تکمیل میں تاخیربرداشت نہیں کی جائیگی۔

وہ منگل کے روز مہمندایجنسی کے دورہ کے موقع پرمہمندماربل سٹی پہنچ گئے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹامحمد اسلم کمبوہ بھی گورنرکے ہمراہ تھے جبکہ فاٹاڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اس موقع پر ایف ڈی اے کی جانب سے مہمندماربل سٹی کے حوالے سے ایک بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

گورنرکو بتایاگیاکہ منصوبے پر 82 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اوریہ آئندہ مالی سال سے آپریشنل ہوجائیگا۔

مختلف نکات کاحوالہ دیتے ہوئے گورنرنے کہاکہ ماربل سٹی کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر چاردیواری کو تعمیرکیاجائے جبکہ فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام کو باقی ماندہ کام کے رفتارکو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ گورنرنے ملک بھر اور بیرون ملک موجود پاکستانی وغیرملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ آگے آئیں اور فاٹا میں سرمایہ کاری کریں اور انڈسٹری، منرلز اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

انہوں نے کہاکہ نہ صرف حکومت اورسیکورٹی ادارے انہیں تحفظ فراہم کریں گے بلکہ مقامی قبائلی عوام بھی ان کی پشت پر ہوں گے اور حکومت جوسہولتیں اورمراعات مقامی سرمایہ کاروں کو فراہم کرے گی وہی سہولیات اور مراعات ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو بھی فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ فاٹا کی ترقی میں موثرکردار ادا کرے گا۔ گورنرنے کہاکہ فاٹا کے عوام کو اس منصوبے سے زیادہ سے زیادہ مستفید کرنے کیلئے مہمند ماربل سٹی کو توسیع دی جائے اور ان کی مارکیٹ تک رسائی ممکن بنائی جائے۔