امریکی ریاست ٹیکساس میں توہین آمیز خاکے بنانے کے مقابلے کیخلاف سینیٹ میں (کل) قرارداد مذمت لائی جائیگی،راجہ ظفرالحق

امریکی ریاست ٹیکساس میں توہین آمیز خاکوں کے مقابلوں کا انعقاد قابل مذمت اور اسلام کیخلاف سازش ہے،سینیٹرمشاہد حسین سید توہین آمیز خاکوں کی تیاری کی مذمت کے لئے سینیٹ میں متفقہ قرارداد منظور کی جائے،سینیٹرایم حمزہ

منگل 5 مئی 2015 21:57

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس میں توہین آمیز خاکے بنانے کے مقابلے کے خلاف ایوان بالا میں بدھ کو قرارداد مذمت لائی جائے گی۔ منگل کو سینیٹ کے اجلاس میں مسلم لیگ ق کے سینیٹرمشاہد حسین سید نے نکتہ اعتراض پراظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ریاست ٹیکساس میں توہین آمیز خاکوں کے مقابلوں کا انعقاد قابل مذمت اور اسلام کے خلاف سازش ہے، مغرب میں پائے جانے والے اسلام فوبیا کی روک تھام کے لئے مسلمانوں کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکساس میں نام نہاد آزادی اظہار کے نام پر توہین آمیز خاکے بنانے کا ایک مقابلہ کرایا گیا جس پر دو مسلمان نوجوانوں نے مقابلے میں حصہ لینے والوں پر فائرنگ کی جنہیں بعد میں شہید کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کی بھی کوئی حد ہوتی ہے، خاکوں کے مقابلے کا انعقاد اسلام کے خلاف بہت بڑی سازش ہے، مغرب کو بین المذاہب ہم آہنگی برقرار رکھنے اور تہذیبوں کے درمیان تصادم سے بچنے کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں، اس سلسلے میں حکومت پاکستان اسلامی کانفرنس کی تنظیم کو متحرک کرے اور صدر اوباما اور یورپی پارلیمنٹ کے صدر کو بھی خطوط تحریر کئے جائیں کہ وہ مغرب میں پائے جانے والے اسلام فوبیا کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔

سینیٹر ایم حمزہ نے کہا کہ توہین آمیز خاکوں کی تیاری کی مذمت کے لئے سینیٹ میں متفقہ قرارداد منظور کی جائے۔جس کے جواب میں قائدایوان سینیٹرراجہ ظفرالحق نے کہاکہ او آئی سی کو بھی یقینی طور پر اس معاملے پر متحرک کرنے کی ضرورت ہے تاہم ایوان سے ایک متفقہ قرارداد منظور کرانا ضروری ہے جو ہر بین الاقوامی ادارے کو ہم ارسال کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :