نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات جاری ہیں،ڈاکٹر امجد علی

منگل 5 مئی 2015 21:36

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی سرمایہ ہے اور حکومت ان کی فلاح و بہبود اور تربیت کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ وہ مستقبل کی ذمہ داریوں سے بحسن و خوبی عہدہ برآ ہونے کے قابل ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوراتئی سوات میں پاکستان تحریک انصاف کے آفس کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر معززین علاقہ،پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداران و کارکنان اورعمائدین کثیر تعداد میں موجود تھے۔ معاون خصوصی نے فیتہ کاٹ کر باقاعدہ دفتر کا افتتاح کیا اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی کو فعال اور مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ علاقے کے عوام کے مسائل کو حل کرنے اور فلاحی منصوبوں کی جلد تکمیل میں بھی اپنا کردار اداکریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گاؤں کوراتئی میں اڑھائی کروڑ روپے کے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں اور کئی ایک منصوبوں کے ٹینڈرز بھی کئے جا چکے ہیں جن پر جلد کام شروع ہوگا اور عوام کو درپیش مشکلات سے نجات ملے گی۔بلدیاتی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی نے کہاکہ پی ٹی آئی کے جلسوں اور تقریبات میں عوام کی جوق در جوق شرکت اور دیگر جماعتوں کے ورکروں کی پی ٹی آئی میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام عمران خان کی پارٹی پالیسیوں اور خدمات کو پسندکرتے ہیں لہذا ہمیں یقین ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں بھی پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔