بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کی تجاوزات کے خلاف کارروائی

بلوچ کالونی پل کے نیچے سے بڑی تعداد میں مویشی باڑے، پتھارے اور چائے کے ہوٹلز مسمار کردیئے گئے

منگل 5 مئی 2015 21:21

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سو مرو کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بلوچ کالونی پل کے نیچے سے بڑی تعداد میں مویشی باڑے، پتھارے اور چائے کے ہوٹلز مکمل طور پر مسمار کردیئے جبکہ کار پارکنگ کے لئے بنائی گئی جگہ سمیت بڑی تعداد میں ٹھیلے، کیبن اور دیگر تجاوزات کو بھی ہٹا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان کی زیر نگرانی اسسٹنٹ کمشنر اور مختار کار فیروز آباد سب ڈویژن ،ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ کی موجودگی میں انسداد تجاوزات کے عملے نے علاقہ پولیس کے ہمراہ بھاری مشینری کی مدد سے کارروائی کی اور بلوچ پل کے نیچے اور اطراف کے علاقے سے غیرقانونی تجاوزات صاف کرکے علاقے کو تجاوزات سے پاک کردیا اور ہٹایا گیا تمام سامان اور ٹھیلے کے ایم سی اسٹور میں جمع کرادیئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بلوچ کالونی پل کے نیچے کی جگہ پر عرصہ دراز سے تجاوزات مافیا نے قبضہ کر رکھا تھا جس پر متعدد بار تنبیہ کی گئی اور تجاوزات ہٹانے کے لئے مختلف نوٹسوں کا اجراء کیا گیا اس کارروائی سے ایک ہفتے قبل بھی تجاوزات کے خاتمے کے لئے نوٹس دیا گیا کیونکہ علاقہ مکینوں کی درخواست تھی کہ ان تجاوزات کی وجہ سے آمدورفت میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے جبکہ جرائم پیشہ افراد بھی ان تجاوزات کی آڑ میں مختلف کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔

دریں اثناء محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان نے تجاوزات قائم کرنے والے افراد کو تنبیہ کی ہے کہ آئندہ اس مقام پر یا اس کے اطراف کسی بھی قسم کی تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر قائم کی گئی تجاوزات کو فوری طور پر آپریشن کے ذریعے ختم کردیا جائے گا اور انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی تجاوزات کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے شہر کے دیگر علاقوں میں بھی انسداد تجاوزات کی مہم کو جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :