مختلف سیاسی جماعتوں میں شامل پختون رہنماؤں نے قوم کو جھوٹے وعدے کرکے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے،پختون رابطہ کونسل

منگل 5 مئی 2015 21:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) پختون رابطہ کونسل پاکستان کے رابطہ وفد نے تعلیم یافتہ پختون نوجوانوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے ، پختون رابطہ کونسل پاکستان اپنے منشور کے مطابق پختون قوم میں پڑھے لکھے ایسے نوجوانوں سے رابطے کر رہی ہے جو پختون قوم کی روایات و ثقافت اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں اور پختون قوم کے نام پر لاشوں پر سیاست کرنے والوں سے نالاں ہیں۔

پختون رابطہ کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر عمر سفیان یوسف زئی ، وائس چیئرمین خانزادہ خان،نائب صدر شرین بدر،اور سیکرٹری اطلاعات احمد شاہ افغان نے داؤد میڈیکل کالج، اردو وفاقی یونیورسٹی ، شپ اونر کالج سے فارغ التحصیل پختون نوجوانوں سے ملاقات میں پختون رابطہ کونسل پاکستان کے اغراض و مقاصد اور اپنے غیر سیاسی کردار کے حوالے سے بتایا کہ پختون رابطہ کونسل پاکستان کا واحد مقصد پاکستان کی سا لمیت ، قانون نافذ کرنے والوں اداروں کیساتھ تعاون، پختون قوم کی روایات و ثقافت کا تحفظ اور دیگر قومیتوں سے بھائی چارے کے فروغ ہے۔

(جاری ہے)

مختلف سیاسی جماعتوں میں شامل پختون رہنماؤں نے قوم کو جھوٹے وعدے کرکے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔داؤد میڈیکل کالج، اردو وفاقی یونیورسٹی ، شپ اونر کالج سے فارغ التحصیل گریجویٹ پختون نوجوانوں میں عمر ایوب آفریدی ، عمر شیر آفریدی ، محمد جان اچکزئی ، نواب علی اچکزئی ، نسیم خان ، نیاز محمد علی ، قیصر بونیری ، رحیم اﷲ سواتی و دیگر نے پختون رابطہ کونسل پاکستان کے اغراض و مقاصد کو سراہاتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور پختون گریجویٹ فورم پاکستان میں بنیادی کارکن کی حیثیت سے شمولیت کا اعلان کیا۔

پختون رابطہ کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر عمر سفیان یوسف زئی ، وائس چیئرمین خانزادہ خان نے پختون گریجویٹ فورم پاکستان میں شمولیت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پختون رابطہ کونسل پاکستان کے فورم سے مزید رابطوں کیلئے اپنا شیڈول اور فہرست پر اتفاق رائے ہوا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی۔

متعلقہ عنوان :