آئیسکوملازمین نے نجکاری کمیشن کے نمائندوں کو دفترمیں داخل ہونے سے روک دیا

سینکڑوں کارکنوں کا آئیسکو ہیڈکوارٹرز میں دھرنا ، گیٹ کو تالے لگا دئیے آج اٹک سے جہلم تک تمام آئیسکو دفاتر میں مکمل ہڑتال ہو گی اور کارکن دھرنا دیں گے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرزیونین (سی بی اے) کے جلسے سے مقررین کا خطاب

منگل 5 مئی 2015 21:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ملازمین نے گذشتہ روز آئیسکو کی نجکاری پر بریفنگ کیلئے آنے والے نجکاری کمیشن ، فنانس ڈویژن اور سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندوں کا ہیڈ آفس میں داخلہ روک دیا اور مرکزی گیٹ کو تالے لگا دئیے۔واپڈا محنت کشوں کی نمائندہ تنظیم آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) نے آئیسکو کی نجکاری کے خلاف 5سے 8 مئی (منگل تا جمعہ) مکمل ہڑتال اور چار روزہ احتجاجی دھرنے اور کمپنی خریدنے والے کسی سرمایہ کار اور کنسلٹنگ کمپنیوں کے کسی بھی نمائندے کو آئیسکو ہیڈکوارٹرز میں داخل ہونے سے روکنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

اس سلسلے میں گذشتہ روز آئیسکو کے سینکڑوں ملازمین نے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ کی قیادت میں دن بھر ہیڈکوارٹرز میں دھرنا دیا اس دوران دفتر میں اجلاس کی غرض سے آنے والے نجکاری کمیشن اور فنانس ڈویژن کے نمائندوں سے کارکنوں کی توتکار ہوئی اور وہ واپس جانے پر مجبور ہو گئے۔

(جاری ہے)

احتجاج میں ریجنل سیکرٹری حاجی ظاہر گل، ڈپٹی چیئرمین ظفر اقبال وڑائچ، وائس چیئرمین راجہ خلیل اشرف، جی ایس اور سرکل کے زونل چیئرمین محمد رمضان خان جدون، زونل سیکرٹری حمید اﷲ شاہ کاظمی، راولپنڈی سرکل کے چیئرمین ملک فتح خان، محمد اشفاق، آفتاب رفیق،جی ایس سی سرکل کے چیئرمین مسرت حسین کاظمی، پی ڈی کنسٹرکشن کے چیئرمین انار گل خان، زونل سیکرٹری میاں بلال سلطان، اسلام آباد سرکل کے وائس چیئرمین چوہدری محمد اکرم، زونل سیکرٹری ملک رمضان، آئیسکو ہیڈ آفس کے سیکرٹری ملک اشتیاق، اٹک سرکل کے رحیم حسین شاہ، سید ثمر بخاری، جہلم سرکل کے خرم بٹ،حاجی عادل حسین اور دیگر عہدیداروں سمیت سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔

آئیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن کے صدر میاں دلاور شاہ (ایکسین) اور سیکرٹری سردار لیاقت اشرف نے یونین کوتمام انجینئرز کی طرف سے نجکاری کے خلاف احتجاج میں ملازمین کے شانہ بشانہ شریک ہونے کا یقین دلایا۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے یونین راہنماؤں نے نجکاری کے حکومتی منصوبے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی صورت میں بھی پاکستان کی نمبرون منافع بخش کمپنی کو بیچنے نہیں دیا جائے گا۔

یونین راہنماؤں نے منافع بخش بجلی کمپنیوں کی نجکاری کو ایک ملک دشمن، عوام دشمن اور مزدور دشمن منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نجکاری کی کارروائی نہ روکی گئی تو ملک بھر کے واپڈا دفاتر کو تالے لگا دئیے جائیں گے اور حکومتی ایوانوں کی بجلی بند کر دی جائے گی۔ دریں اثناء واپڈا سی بی اے کے مرکزی سیکرٹری جنرل خورشید احمد اور مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی سمیت تمام مرکزی قیادت نے نجکاری کے خلاف احتجاج میں شریک ہونے کا اعلان کر دیا ہے اس سلسلے میں آج 6مئی بروز بدھ کو ملک بھر کے واپڈا دفاتر میں مکمل ہڑتال ہو گی اور تمام بڑے شہروں اور ریجنل ہیڈکوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

جبکہ آئیسکو اسلام آباد ریجن کے اٹک سے جہلم تک تمام کارکن آئیسکو ہیڈکوارٹرز میں جمع ہوں گے اور نجکاری کے خلاف تاریخی دھرنے میں شرکت کریں گے۔