انجینئر امیر مقام سے مسلم لیگ (ف)کے چیف آرگنائزر اور سابق رکن قومی اسمبلی کنور قطب الدین کی ملاقات

مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ف) ملک کے تحفظ ،سلامتی اور بقا کیلئے مل کر کام کریں گی،انجینئر امیر مقام

منگل 5 مئی 2015 21:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام سے مسلم لیگ (ف)کے چیف آرگنائزر اور سابق رکن قومی اسمبلی کنور قطب الدین نے ملاقات کی ،ملاقات میں کنور قطب الدین نے پیر صاحب پگاڑا کی جانب سے انجینئر امیر مقام کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے مابین باہمی دلچسپی کے امور اور خصوصا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ دوستی اور تعاون جاری رکھنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، انجینئر امیر مقام نے نیک خواہشات پر پیر صاحب کا شکریہ ادا کیا اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہر محاذ پر تعاون جاری رکھنے پر ان کے کردار کو سراہا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ چونکہ اس ملک کی خالق جماعت ہے اور یہی جماعت اس کے تحفظ کی زمہ دار بھی ہے ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے ان دو بڑے دھڑوں میں اتحاد و اتفاق لازمی اور وقت کا تقاضا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ یہ اتفاق قائم رہے ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان مسلم لیگ (ف) مل کر اکھٹی کام کرتی رہیں گی اور ملک کے تحفظ ،سلامتی اور بقا کیلئے مل کر کام کریں گی اور ملک کو درپیش تمام تر چیلنجوں کا مل کر مقابلہ کیا جائے گا ۔