Live Updates

کراچی، پی ایس 93کے حوالے سے ٹریبونل کا فیصلہ بھی عمران خان کے موقف کی تائیدہے،مولانا فضل احد

منگل 5 مئی 2015 21:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) چیئرمین پبلک ایڈ جماعت اسلامی ضلع غربی مولانا فضل احد ، وائس چیئرمین گل رحیم ،پریس سیکریٹری ہدایت الرحمن نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اگر خواجہ سعد رفیق کے خلاف ٹریبونل کا فیصلہ عمران خان کے موقف کی تائید ہے تو کراچی کے پی ایس 93کے حوالے سے ٹریبونل کا فیصلہ بھی تو عمران خان کے موقف کی تائید کرتا ہے ۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے این اے 125 کے حوالے سے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے پر خوشی کا اظہار خوش آئند ہے لیکن کراچی کے پی ایس 93 کے حوالے سے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے پر عمل درآمد پر کیوں خاموش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے دھاندلی کے ذریعے جیتے تو غلط اور تحریک انصاف دھاندلی کے ذریعے الیکشن جیتے تو ٹھیک ہے الیکشن ٹریبونل ان کے خلاف فیصلہ دے تو غلط اور کسی اور کے بارے میں فیصلہ دے تو ٹھیک ہے ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے چیئرمین کو دوغلی پالیسی اختیار کرنا زیب نہیں دیتا ۔انہوں نے کہا کہ افسوس ناک امر یہ کہ انصاف کا نعرہ لگانے والوں نے پی ایس 93 میں بھاری رشوت دیکر دھاندلی کے ذریعے تحریک انصاف کے حفیظ الدین نے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔عمران خان کو چاہیے کہ اپنی صفوں سے کرپٹ عناصر کا صفایا کرے اور الیکشن ٹریبونل کی جانب سے کئے گئے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے اس طرح آواز اٹھائے جیسے این اے 125 کے لئے اٹھائی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فوری طور ٹریبونل کے فیصلے پر عمل درآمد کرکے عوام کے حقیقی نمائندے عبد الرزاق خان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کرے اور حفیظ الدین کے نا اہلی کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر حفیظ الدین کو جاری کردہ حکم امتناعی منسوخ کیا جائے اور عبد الرزاق خان کی کامیابی کا اعلان کیا جائے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :