شک یقین میں بدل گیا ،2013کے الیکشن میں وسیع پیمانے پر دھاندلی ہوئی‘ ظہیرالدین خاں

این اے125کے فیصلہ سے ثابت ہوگیا حکمران جماعت کے پاس لاہور قلعے کی جعلی رجسٹری ہے

منگل 5 مئی 2015 21:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری ظہیرالدین نے کہا ہے کہ این اے 125کے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے سے وہ تمام شکوک یقین میں بدل گئے ہیں کہ 2013ء کے الیکشن میں وسیع پیمانے پر دھاندلی کی گئی ،فیصلے سے یہ بھی ثابت ہوگیا کہ حکمران جماعت کے پاس لاہور قلعے کی جعلی رجسٹری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں عہدیداروں و کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن میں مسلم لیگ ق دھاندلی بازوں کا بہت بڑا ٹارگٹ تھی ۔ہمارے درجنوں امیدواروں کو نتائج تبدیل کرکے ہرایا گیا۔ اس دھاندلی کے خلاف ہم نے جوڈیشل کمیشن سے بھی رجوع کررکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد تمام سیاسی جماعتوں نے یہ کہا تھا کہ الیکشن 2013ء میں پریذائڈنگ آفیسرز اور آر او ز نے کسی کے ایما پر اہم رول ادا کیا اور یہی بات خواجہ سعد رفیق نے بھی کہی ہے کہ ان کے حلقے میں دھاندلی کے ذمہ دار آراوز اور پریذائڈنگ آفیسرز ہیں۔انہوں نے کہا کہ آراوز اور پریذائڈنگ آفیسرز کا محاسبہ ضروری ہے تاکہ 2013کے عام انتخابات کی اصلیت قوم کے سامنے آسکے۔

متعلقہ عنوان :