Live Updates

حلقہ این اے 125 کے تاریخی فیصلے نے (ن) لیگ کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے ‘ تحریک انصاف پنجاب

(ن) لیگ کے درباریوں کے منہ بند ،تاریخ ساز فیصلے کی وجہ سے حکومت کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے‘‘اعجاز احمد چوہدری

منگل 5 مئی 2015 21:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاہے کہ حلقہ این اے 125 کے تاریخی فیصلے نے (ن) لیگ کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، (ن) لیگ کے درباریوں کے منہ بند کردیئے ہیں،تاریخ ساز فیصلے کی وجہ سے حکومت کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے،(ن) لیگ کے درباریوں کے منہ پر زور دار طمانچہ لگا ہے،انہوں نے کہاکہ خواجہ سعد رفیق کی جھوٹ اور منافقت کی سیاست ختم ہو گئی ہے ، این اے 125 کا فیصلہ حکمران ٹولے پر بجلی بن کر گرا، جس کے بعد (ن) لیگ کے درباری منہ چھپاتے پھر رہے ہیں،فیصلہ آنے کے بعد حکمران ٹولے پر لرزہ طاری ہو گیا ہے،دھاندلی زدہ حکومت کے تابوت میں ایک سوراخ ہو گیا ہے،آنے والے دنوں میں مزید فیصلے آنے والے ہیں،این اے 125 کے تاریخی فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے دھاندلی کے موقف کوتقویت ملی ہے،خواجہ سعد رفیق حلقے کی عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے ان کے چہرے سے نقاب اتر چکا ہے، خواجہ سعد رفیق بھاگنے کی ناکام کوشش نہ کریں بلکہ سیاسی میدان میں آکر مقابلہ کریں، 11 مئی کے الیکشن میں وقت نے ثابت کیا دھاندلی نہیں دھاندلہ ہوا تھا۔

(جاری ہے)

وہ پارٹی آفس میں ضلعی صدر جہلم ندیم افضل بنٹی ، مرزا محمود جہلمی،عثمان الرحمان چوہان اور ساہیوال سے سنیئرپارٹی رہنماء نوریز شکوراور علی شکور کی قیادت میں ملنے والے وفود سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر چوہدری انوار ، رفعت زیدی، قیصر دستگیر، راجہ شاہ نواز،راجہ عرفان ، رضااشرف، عمران قریشی، چوہدری ظفر، چوہدری تنویر نوید، ملک غفران،عدیل بٹ، حسین داؤد، وسیم ، فیصل خان، عدیل جنجوعہ ، مجتبیٰ شاہ بھی موجود تھے۔

۔انہوں نے کہاکہ فیصلے نے کارکنوں کے جوش اور ولولے میں ایک نئی روح پھونک دی ہے،فیصلے سے لگتا ہے کہ (ن) لیگ کی صفوں میں صفے ماتم بچھی چکی ہے۔ فیصلے نے خواجہ سعد رفیق کی بوگی سمیت ریل کو پٹری سے اتار دیا ہے، دوبارہ الیکشن میں خواجہ سعدرفیق نے حصہ لیا تو آئندہ اپنی سیاسی اوقات کا پتہ لگ جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے انصاف کے حصول اور ووٹ کے تقدس کے لئے پُرامن سیاسی جدوجہد کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی جس کی تیسری دنیا میں مثال نہیں ملتی ۔

دھاندلی زدہ حکومت نے عوامی مینڈیٹ چورایا ہے (ن) لیگ حق حکمرانی کا اخلاقی طور پر جواز کھو بیٹھی ہے۔چار حلقے کھو ل دیتے تو قوم کے سامنے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جاتا اور عوام کو دو سال تک انتظار نہ کرنا پڑتا ۔پی ٹی آئی کے کارکنان بلدیاتی انتخابات کے لئے ابھی سے تیاریاں شروع کردیں۔ انشاء اﷲ تحریک انصاف صوبے بھر میں بلدیاتی انتخابات میں تاریخی فتح حاصل کرے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات