حکومت پنجاب نے رمضان المبارک میں عوام کی سہولت کیلئے جامع رمضان پیکیج تشکیل دیدیا

پیکیج کے تحت صوبہ کے 36 اضلاع میں 337 رمضان بازار و ماڈل بازار قائم کئے جائیں گے‘بلال یاسین حکومت نے رمضان بازاروں میں اشیائے صرف کی 11 چیزوں پر سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے‘ صوبائی وزیر خوراک

منگل 5 مئی 2015 21:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) حکومت پنجاب نے رمضان المبارک میں عوام کی سہولت کے لئے جامع رمضان پیکیج تشکیل دے دیا ہے اس پیکیج کے تحت صوبہ کے 36 اضلاع میں 337 رمضان بازار و ماڈل بازار قائم کئے جائیں گے جہاں پر عام لوگوں کو روز مرہ استعمال کی اشیاء ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔یہ بات یہاں صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے سول سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں سیکرٹریز انڈسٹری ، زراعت ، لائیو سٹاک ، ہیلتھ او رکمشنر لاہو رکے علاوہ دیگر اعلی افسران نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رمضان بازاروں میں عام لوگوں کے لئے روزمرہ استعمال کی اشیاء ارزاں نرخوں پر فراہم کرنے کے لئے تشکیل کردہ میکنزم پر عملدرآمد کرایا جائے گا تاکہ عوام کو لوٹنے والوں کا قلع قمع کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری انڈسٹری نے بتایا کہ صوب بھر میں 337 رمضان بازار قائم کئے جا رہے ہیں جس کی نگرانی براہ راست ڈی سی اوز کریں گے ۔

اجلاس میں بتایا کہ اشیائے صرف کی فراہمی کو ہر صورت ممکن بنانے کے لئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں تاکہ رمضان بازاروں میں کسی بھی چیز کی کمی نہ ہو ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت نے رمضان بازاروں میں اشیائے صرف کی 11 چیزوں پر سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا چینی ، آٹا ، گھی کنٹرول ریٹ سے کم قیمت پر فراہم کرنے کے لئے فلور ملز اور دیگر ایسوسی ایشنز سے میٹنگ کی جائیں گی تاکہ یہ اشیاء کنٹرول ریٹ سے بھی کم ریٹ پر رمضان بازاروں میں دستیاب ہوں ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رمضان بازاروں کی سیکورٹی کے لئے عملہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو متحرک کیا جائے گا اسی طرح ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں پر قابو پانے کے لئے رمضان پیکیج کے تحت خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف فوری ایکشن لیں گی ۔