لیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اوور لوڈنگ اور ٹرپنگ روکنے کیلئے گرڈ اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کیلئے پی سی ون کی منظوری دیدی

ایک ارب 17کروڑ روپے کی لاگت سے 13گرڈ اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی ،لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی واقع ہو گی

منگل 5 مئی 2015 21:02

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اوور لوڈنگ اور ٹرپنگ روکنے کیلئے گرڈ اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کیلئے پی سی ون کی منظوری دیدی ،ایک ارب 17کروڑ روپے کی لاگت سے 13گرڈ اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی ۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ موسم گرما میں 66گرڈ اسٹیشنز اوور لوڈنگ اور ٹرپنگ کی وجہ سے کمپنی کے لئے بے پناہ مشکلات کا باعث بنتے رہے جسکی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی زیادہ رہا ۔

(جاری ہے)

محکمے کے شعبہ ڈویلپمنٹ نے جامع سروے کرنے کے بعد گرڈ اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے لئے پی سی ون تیار کر کے اسکی لیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے منظوری لے لی ہے ۔ اس منصوبے کے تحت لیسکو کے 13گرڈ اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی جس پر مجموعی طور پر لاگت کا تخمینہ ایک ارب 17کروڑ روپے لگایا گیا ہے ۔ جن گرڈ اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی ان میں بھاٹی،‘ کوٹ لکھپت،گلشن راوی،کھڈیاں،لیفو،راوی، غازی نیو ،ڈیفنس ، راوی ،الٰہ آباد،حجرہ شاہ مقیم ، کاہنہ نو اور رائے ونڈ گرڈ اسٹیشن شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق اس اقدام سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی واقع ہو سکے گی ۔