سینیٹ میں کے فور منصوبہ اور سندھ میں بس پر بجلی کی تاریں گرنے سے متعلق تحاریک التواء منظور

منگل 5 مئی 2015 20:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) ایوان بالا میں کے فور منصوبہ اور سندھ میں بس پر بجلی کی تاریں گرنے سے متعلق تحاریک التواء منظور کرلی گئیں ۔منگل کو سینٹ اجلاس میں سینیٹ میں کے فور پراجیکٹ سے متعلق سینیٹر نسرین جلیل اور کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی کی تحریک التواء بحث کے لئے منظور کر لی گئی،وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کے فور منصوبہ ملک کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وفاقی حکومت سندھ حکومت کی ضرورت کے مطابق منصوبہ کا 50 فیصد حصہ ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبہ کی 50 فیصد لاگت وفاقی حکومت ادا کرنے کو تیار ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔اس تحریک پر بحث کرانے کے وقت کے تعین کا فیصلہ سینیٹ سیکرٹریٹ کرے گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں کستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر خالدہ پروین نے کہا ہے کہ سندھ میں بس پر بجلی کی تاریں گرنے کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔ سندھ میں پیش آنے والے اس واقعہ میں 15 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اس واقعہ کا نوٹس لے کر اس کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے اور رپورٹ 15 دن میں ایوان میں پیش کی جائے۔

جس پر قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ سندھ میں بس پر بجلی کی تاریں گرنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اس کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ ، واقعہ کی تفصیلات کے حوالے سے ایوان کو آگاہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :