محکمہ خوراک کے کرپٹ افسروں کو نہ صرف برطرف کروں گا بلکہ انہیں جیل بھی بھیجوں گا،گیان چند اسرانی

ایک فوڈ انسپکٹر نے ساڑھے 9 کروڑ روپے کی گندم چوری کر لی ہے،وزیر خوراک سندھ کا ایوان میں ضمنی سوالوں کا جواب

منگل 5 مئی 2015 20:34

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) سندھ کے وزیر خوراک ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور جنگلات گیان چند ایسرانی نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک کے کرپٹ افسروں کو نہ صرف برطرف کروں گا بلکہ انہیں جیل بھی بھیجوں گا ۔ ایک فوڈ انسپکٹر نے ساڑھے 9 کروڑ روپے کی گندم چوری کر لی ہے ۔ یوکرین سے گندم درآمد کرکے وفاق نے سندھ کے ساتھ ظلم کیا ہے ۔ یہ باتیں انہوں نے منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ خوراک سے متعلق متعدد ارکان کے تحریری اور ضمنی سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہیں ۔

وزیر خوراک نے کہاکہ یوکرین سے غیر معیاری گندم درآمد نہیں ہونی چاہئے تھی۔ یہ خراب گندم دیسی گندم کے ساتھ ملا کر ملز استعمال کر رہے ہیں ، جس کی وجہ سے خراب آٹا ملنے کی شکایات بھی ملی ہیں ۔

(جاری ہے)

یوکرین کی درآمد شدہ گندم کی وجہ سے گندم کی خریداری بھی متاثر ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں کل 201 فلور ملز ہیں ، جو کام کر رہی ہیں ۔ وزیر خوراک نے کہا کہ باردانہ زمینداروں کو نہ ملنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔

مارکیٹ اور سرکاری ریٹس میں زیادہ فرق کی وجہ سے زمیندار یہ چاہتے ہیں کہ حکومت ان کی گندم خریدے لیکن حکومت ساری گندم نہیں خرید سکتی ہے ۔ حکومت صرف 25 فیصد گندم خرید سکتی ہے ۔ یوکرین کی گندم درآمد ہونے کے باعث گندم کی خریداری کا ہدف مزید کم ہو گیا ہے ۔ سندھ کے ساتھ ظلم وفاقی حکومت نے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فی ایکڑ 6 بوریاں خریدنے کا فارمولا بنایا ہے ۔

اس سے زیادہ خرید نہیں سکتے ۔ باردانہ کی منصفانہ تقسیم کے لیے ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ ریونیو کے لوگوں کو شامل کیا ہے ۔ اپوزیشن ارکان نے کہا کہ باردانہ کی منصفانہ تقسیم نہیں ہورہی ۔ زمینداروں کی بجائے بیوپاریوں سے گندم خریدی جا رہی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر خوراک نے کہا کہ محکمہ خوراک کے کرپٹ افسروں کو برطرف کرکے جیل بھجواؤں گا ۔ ایک فوڈ انسپکٹر نے ساڑھے 9 کروڑ روپے کی گندم چوری کی ہے ۔ وزیر خوراک نے بتایا کہ محکمہ خوراک کے پاس صرف 9 لاکھ ٹن گندم ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے ۔ باقی گندم ٹی سی پی کے گودام کرائے پر لے کر ذخیرہ کی جاتی ہے ۔ حکومت نئے گودام تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :