موجودہ نظام کے ہوتے ہوئے ملک میں شفاف انتخابات نہیں ہو سکتے ‘ نوید چوہدری

شفاف انتخابات کروائے جائیں تو پیپلز پارٹی آج بھی پنجاب سمیت ملک بھر میں کامیابی حاصل کرے گی نواز شریف شریف اور خواجہ سعد رفیق مینڈیٹ چوری کرنے پر قوم سے معافی مانگیں ‘ پیپلز پارٹی کے رہنما کی پریس کانفرنس

منگل 5 مئی 2015 20:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نوید چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ نظام کے ہوتے ہوئے ملک میں شفاف انتخابات نہیں ہو سکتے ، اگر شفاف انتخابات کروائے جائیں تو پیپلز پارٹی آج بھی پنجاب سمیت ملک بھر میں کامیابی حاصل کرے گی ، نواز شریف شریف اور خواجہ سعد رفیق مینڈیٹ چوری کرنے پر قوم سے معافی مانگیں ، انتخابات 2015ء میں ہوں یا 2018ء میں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ موجودہ نظام کے ہوئے شفاف انتخابات نہیں ہو سکتے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب میں الیکشن ٹربیونل کے 125کے فیصلے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ نوید چوہدری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو کاؤنٹر کرنے کے لئے ایڑھی چوٹی کا زور لگایا جا رہا تھا ۔

(جاری ہے)

لیکن این اے 125کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے نے پیپلز پارٹی کے موقف کو سچ کر دکھایا ہے ۔ جادو کی چھڑی چلانے والے ماہرین کے کمال نے 1985ء سے 2013ء تک کے انتخابات کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور خواجہ سعد رفیق قوم سے معافی مانگتے ہوئے بتائیں کہ انہوں نے قوم کا مینڈیٹ کیسے چورایا تھا ۔ جبکہ الیکشن کمیشن کی بھی ذمہ داری بڑھ گئی ہے کہ وہ اس صورتحال سے کیسے ایکشن لے کر نبرد آزما ہوتی ہے ۔ دھاندلی میں ملوث آر اوز سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات 2015ء میں ہوں یا 2018میں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ موجودہ نظام کے ہوتے صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ۔ لہٰذا ملک میں نئے صاف شفاف انتخابات کے لئے نئے نظام کی ضرورت ہے ۔