سولر منصوبے میں 2ارب روپے بچا نا شہبازشریف ہی کا کمال ہے،نوازشریف

منصوبے پر دن رات کام کرنے کا صلہ…… قائداعظم سولر پارک کے سی ای او نجم شاہ کیلئے تمغہ خدمت کا اعلان

منگل 5 مئی 2015 20:14

سولر منصوبے میں 2ارب روپے بچا نا شہبازشریف ہی کا کمال ہے،نوازشریف

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے خطاب کو انتہائی جامع اور مفصل قرار دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے منصوبے کے حوالے سے ہر شے کا احاطہ کیاہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف نے100میگا واٹ کے سولر منصوبے میں 2ارب روپے کی بچت کر کے قوم کے وسائل بچائے ہیں جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں -پاکستا ن میں ایسا کبھی نہیں ہوا،یہ شہبازشریف ہی کا کمال ہے کہ انہوں نے چین کی کمپنی سے کامیاب بات چیت کر کے 2ارب روپے کی رقم بچائی ہے-اس حوالے سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کو آگے آکر حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ انرجی کی کابینہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں سولر انرجی کا ٹیرف کم کرنے پر بات کی جائے گی۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے خطاب میں کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب اور میں نے سولر پاور پلانٹ پر کام کرنے والے کنٹریکٹرز‘ ورکرز اور انتظامیہ کیلئے 2کروڑ روپے دینے کافیصلہ کیاہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی تقریر میں کہاکہ قائداعظم سولر پارک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نجم شاہ انتہائی محنتی اور ایماندار افسر ہیں- انہوں نے اس منصوبے پر چھٹیوں کے دوران بھی دن رات کام کیا - میں انہیں اپنے ہمراہ چین کے دورے پر لے جانا چاہتا تھا مگر انہو ں نے یہ کہتے ہوئے معذرت کر لی کہ مجھے سولر پارک کے منصوبے پر ابھی کافی کام کرنا ہے اور میں اپنی ان مصروفیات کی وجہ سے آپ کے ساتھ چین نہیں جا سکتا- وزیراعظم میں چاہوں گا کہ انہیں 14 اگست کو تمغہ خدمت ضرور دیا جائے-وزیراعظم نے اپنے خطاب میں نجم شاہ کو تمغہ خدمت دینے کا اعلان کیا-

متعلقہ عنوان :