سب سے کم بولی دینے والی چینی کمپنی سے 2ارب روپے کی خصوصی رعایت

چولستان میں سورج کی تپش کو استعمال کر کے خوشحالی میں بدل دیا گیا ،ان اندھیروں میں بھی منزل تک پہنچ سکتے ہیں ہم……جگنوؤں کو راستہ تو یاد ہونا چاہئے،وزیراعلیٰ پنجاب کا پر جوش خطاب ،دھرنوں پر کڑی تنقید

منگل 5 مئی 2015 20:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 100میگا واٹ کے سولر منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کی کمپنی ٹی بی ای اے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کمپنی نے سب سے کم بولی دی مگر اس کے باوجود ہم نے اس کمپنی سے 2ارب روپے کی رعایت کرائی ہے اور قومی خزانے کی خطیر رقم بچائی جس کی مثال نہیں ملتی-٭وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چولستان کے اس علاقہ میں ٹیلے، ریت اور گرد تھی۔

ٹی بی ای اے کااور قائد اعظم سولر پاور کمپنی کے انجینئرز نے ایک سال کی قلیل مدت میں اس علاقے کو روشنیوں میں بدل دیا ہے۔ یہ ایک حیران کن پراجیکٹ ہے جس میں چولستان میں سورج کی تپش کو استعمال کر کے خوشحالی میں بدل دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اگر انسان جذبہ، محنت ، دیانتداری اور لگن سے کام کرے تو کوئی چیز ناممکن نہیں ہوتی۔٭وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر کے دوران متعدد بار وزیراعظم کو مخاطب کیا اور کہا کہ ہم اپنے گھر میں بیٹھے ہیں اس لئے کھل کر باتیں ہونی چاہیں۔

انہوں نے کہاکہ سولر پاور منصوبے میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کے بڑے بڑے سرمایہ کاروں کو دعوت دی گئی لیکن ان ’’سورماؤں‘‘ کو منافع خوری کی لت پڑ چکی ہے چونکہ یہ آسان منافع پر یقین رکھتے ہیں اس لئے یہ سرمایہ کار بھاگ گئے۔ انہوں نے وزیراعظم سے کہا کہ ہمیں منافع خوروں اور دولت یہاں سے کما کر باہر لے جانے والوں کی حوصلہ شکنی کرنا چاہیے اور ان لوگوں کو آگے آنے کا موقع دینا چاہیے جو کہ ایک ایک پائی ملک میں لگانا چاہتے ہیں۔

٭وزیراعلیٰ انتہائی خوش اور پر جوش دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں خطاب کیا ۔ انکے الفاظ تھے کہ ’’سولر پاور پلانٹ کی جگہ لق و دق صحرا تھا اور چلچلاتی دھوپ تھی لیکن جب انسان ارادہ کر لیتا ہے تو جہاں سے چاہتا ہے وہیں سے راہ نکال لیتا ہے یہی وجہ ہے کہ آج یہاں پانی اور سڑکیں ہیں اور ایک شہر آباد ہے اور یہ پاور پلانٹ بجلی بحران کے خاتمہ اور ہماری معاشی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

٭وزیراعلیٰ نے دھرنوں کو ملک وقوم کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دھرنا دینے والوں نے پاکستان کے ساتھ ایسی دشمنی کی جو دشمن بھی نہیں کرتا -وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریر کے اختتام پر یہ شعر پڑھا……ان اندھیروں میں بھی منزل تک پہنچ سکتے ہیں ہم……جگنوؤں کو راستہ تو یاد ہونا چاہیے……وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب کا اختتام پاک چین دوستی زندہ باد پاکستان پائندہ باد کے نعرے سے کیا۔

متعلقہ عنوان :