قانون سے کوئی بالاتر نہیں ‘ ذوالفقار مرزانے تھانے میں شیشہ اور فون نہیں آئین اور قانون توڑا ہے ، حکومت سندھ ایکشن لیکر تحقیقات کر ے ، آئین و قانون کے مطابق سزا دی جا ئے ، دو نجی چینلز اور بعض اینکر پرسن ریٹنگ بڑھانے کیلئے بلا تصدیق پروگرام کے ذریعے آصف زرداری کی پگڑی اچھال رہے ہیں، پیمرا اس قسم کے پروگرام بندکرائے ،ایک اینکر پر 10 ملین روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا ہے

پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمن ملک کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 5 مئی 2015 20:12

قانون سے کوئی بالاتر نہیں ‘ ذوالفقار مرزانے تھانے میں شیشہ اور فون ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) پیپلز پارٹی کے رہنما سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے ‘ سندھ کے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزانے تھانے میں شیشہ اور فون کو نہیں توڑا بلکہ آئین اور قانون کو توڑا ہے لہذا حکومت سندھ ایکشن لے کر تحقیقات کر کے ان کیخلاف آئین و قانون کے مطابق سزا دی جانی چاہیے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف دو نجی چینل اور بعض اینکر پرسن اپنے چینل کی ریٹنگ بڑھانے کیلئے بلا تصدیق پروگرام کے ذریعے پگڑیاں اچھال رہے ہیں۔ ہم ان کے رویوں کی مزمت کرتے ہیں اور وزارت اطلاعات و نشریات اور پیمرا ہدایات جاری کریں کہ اس قسم کے پروگرام بند ہونے چاہئیں۔ ایک نجی چینل کے اینکر پرسن کے خلاف توہین آمیز پروگرام چلانے پر 10 ملین روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ بعض نجی چینل پر اینکر پرسن بلا تصدیق پروگرام چلا کر لوگوں کی پگڑیاں اچھال رہے ہیں اور اپنے پروگراموں کی ریٹنگ بڑھانے کیلئے ملک تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین کی پیروڈی ‘ جوکر بناکر پیش کیا جاتا ہے۔ انٹرٹینمنٹ کے نام پر لوگوں کو بدنام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف نے پیمر اکو ہدایت کی ہے کہ پاک فوج اور عدلیہ کیخلاف توہین آمیز پروگرام نہ چلائے جائیں جو اقدام قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزارت اطلاعات و نشریات ایسے پروگرام بند کرائے جس میں لوگوں کی تذلیل کی جاتی ہے۔ بعض اینکر پرسن اپنی ریٹنگ بڑھانے کیلئے بلا تصدیق پروگرام چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوستی اور دشمنی کی کچھ حدیں ہوتی ہیں لہذا اتنا بھی آگے نہیں جانا چاہیے کہ واپسی کا کوئی راستہ نہ رہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں او راب بھی کہتا ہوں کہ کرنسی سمگلنگ میں گرفتار ماڈل ایان علی اور پیسوں سے میرے بھائی کا کوئی تعلق نہیں ہے اگر کوئی تعلق ثابت ہو جائے تو میں مستعفی ہونے کو تیار ہوں۔ ایک اور سوال کے جواب میں رحمن ملک نے کہا کہ ذوالفقار مرزا کو اپنی غلطی تسلیم کر کے معذرت کر لینی چاہیے تھی وہ سندھ کے ہوم منسٹر بھی رہے ہیں۔ انہوں نے قانون توڑا ہے تحقیقات کر کے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایک نجی چینل کے اینکر پرسن کے خلاف 10 ملین ہر جانے کا نوٹس بھجوا دیا ہے۔