وزیراعظم کاکوئٹہ کا مختصر دورہ ،شاہ زین بگٹی سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کااظہار

منگل 5 مئی 2015 20:12

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) وزیراعظم محمدنوازشریف نے کوئٹہ کے مختصر دورے کے موقع پرجمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال اکبربگٹی کی وفات پر مرحوم کے صاحبزادے نوابزادہ شازین بگٹی سے ملاقات کی اور ان سے طلال اکبر کے انتقال پر تعزیت کااظہار کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر ریٹائرڈ جنرل عبدالقادر بلوچ، مشیر قومی امورعرفان صدیقی تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ، پاکستان مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر نواب ثناء اﷲ خان زہری، نوابزادہ جنگیز مری ، صوبائی وزراء اور بگٹی قبائل کے سردار میراور معتبرین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وزیراعظم نے مرحوم نوابزادہ طلال اکبربگٹی کی مغفرت ، درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی اورسوگوار خاندان کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کچھ دیر مرحوم کے صاحبزادے کے ساتھ رہے اور ان کو والد کی وفات پر صبر کی تلقین کی۔اس سے پہلے وزیراعظم محمد نوازشریف اپنے مختصر دورے پر کوئٹہ پہنچے تو کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اﷲ زہری، صوبائی وزراء نواب جنگیز مری، نواب محمد خان شاہوانی، ڈاکٹرحامد خان اچکزئی، میرسرفراز بگٹی، میرمجیب الرحمان محمد حسنی، رحمت صالح بلوچ، میراظہار حسین کھوسہ، شیخ جعفرخان مندوخیل، صوبائی مشیر سرداررضا محمدبڑیچ ، محمدخان لہڑی کے علاوہ اراکین صوبائی اسمبلی میرکریم نوشیروانی، سردار درمحمد ناصر، عاصم کردگیلو، پرنس احمدعلی کے علاوہ چیف سیکرٹری بلوچستان اور اعلیٰ سرکاری حکام نے ان کا استقبال کیا۔