تحریک آزادی میں پاکستان میں مقیم پشتوں قبائل نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے،سر دار یعقوب

آئندہ آزاد کشمیر میں جس شخص کے پاس مکمل شناختی دستاویزات ہوں گی پولیس بے جا تنگ نہیں کریگی، وفد سے گفتگو

منگل 5 مئی 2015 20:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ کشمیر کی تحریک آزادی میں پاکستان میں مقیم پشتوں قبائل نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے ۔ آزاد کشمیر میں مقبوضہ کشمیر میں پشتونوں کی بڑ ی تعداد آباد ہے ۔ جو کشمیر کی تعمیر و ترقی سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید طارق گیلانی اور محمد مطیع اﷲ خان کی قیادت میں آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں کام کرنے والے پٹھان ٹھیکیداروں اور بزنس مینوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پشتون محنت کشوں کو بے جا تنگ نہیں کیا جانا چاہیے ۔ جو لو گ پاکستان میں رہائش ، شناختی کارڈ اور دیگر متعلقہ شناختی دستاویزات کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہیں رعایت دی جانی چاہیے ۔ تاہم نیشنل ایکشن پلان کے تحت افغان باشندوں کی ان کی رہائی وطن واپسی کا فیصلہ ہو چکا ہے ۔ اس لیے وہ ہر صورت وطن واپس جائیں گے ۔ قبل ازیں وفد کے ارکان نے صدر ریاست سے شکایات کی کہ ہمارے لوگوں کو آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں افغان مہاجرین کے شبہ میں بے جا تنگ کیا جاتا ہے ۔

حالانکہ ہم لوگ پاکستان کے جدی پشتی باشندے ہیں۔ اور تمام شناختی دستاویزات رکھتے ہیں۔ ا س کے باوجود صرف پشتو زبان بولنے کی وجہ سے انہیں تنگ کیا جانا مناسب نہیں ہے ۔ جس پر صدر ریاست نے یقین دلایا کہ آئندہ آزاد کشمیر میں پولیس جس شخص کے پاس مکمل شناختی دستاویزات ہوں گی انہیں بے جا تنگ نہیں کیا جائے گا۔