کوہاٹ، درہ آدم خیل اخوروال میں کوئلہ کی کان کا تنازعہ افہام و تفہیم سے حل کرا دیا گیا

منگل 5 مئی 2015 19:58

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) ایف آر کوہاٹ درہ آدم خیل اخوروال میں کوئلہ کی کان کا تنازعہ افہام و تفہیم سے حل کرا دیا گیا ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس کوہاٹ میں پولیٹیکل ایجنٹ ایف آر کوہاٹ کوہاٹ کامران احمد آفریدی کی صدارت میں اخوروال کے آفریدی قبائل کا ایک گرینڈ جرگہ منعقدہوا جسمیں سیکٹر کمانڈر کوہاٹ بریگیڈئیر مشتاق، اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ درہ آدم خیل سردار اسد ہارون،ملک خائستہ خان،ملک نور محمد،ملک یار اکبر،ملک نذیر،ملک عصمت اور ملک مشرف کے علاوہ کثیر تعداد میں قبائلی عمائدین نے شرکت کی جرگہ کے دوران اخور وال کے مختلف اقوام کے مابین کوئلے کی کان کے متنازعہ حدبراری کے مسئلے پر سنجیدگی سے بات چیت کی گئی اور مسئلے کے منصفانہ حل کیلئے ڈی سی کوہاٹ اور جرگے کے مشران کو فیصلے کا اختیار دیدیا گیا جنہوں نے تمام اقوام کو برابری کے حقوق کے تناظر میں حد براری کی تقسیم کا فیصلہ سنا دیا ۔

(جاری ہے)

جرگہ کے اس فیصلے کوتمام اقوام کے عمائدین نے خوشی سے تسلیم کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیااور ڈپٹی کمشنرا ور پولیٹیکل و عسکری حکام کی افہام و تفہیم کے حوالے سے متفقہ کوششوں کو خوش آئند قرار دیکرمتحدہ جرگے کی کارکردگی کو سراہا ۔جرگے کے شرکاء نے اخور وال قوم کی طرف سے پولیٹیکل اور فوج انتظامیہ کے حق میں آج 6 مارچ بدھ کی صبح ریلی نکالنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔