صوبے کے تمام بڑے شہروں کی حالتِ زار دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ شہریوں کا کوئی بھی وارث نہیں ہے

نومنتخب چیئرمین سندھ تاجر اتحاد شیخ حبیب کا اجلاس سے خطاب

منگل 5 مئی 2015 19:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) حکومتِ سندھ کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں میں تجاوزات، ٹریفک، پارکنگ، صفائی، انفرا اسٹرکچر آتشزدگی کے خطرات اور سیکوریٹی کے مسائل کے حل پر توجہ دے، سیاسی جماعتوں کے مابین عدمِ مفاہمت نے سندھ کے تاجروں کو سخت مشکلات سے دوچار کردیا ہے، ترقیاتی کاموں کی رفتار تھم چکی حکومتی ادارے بدعنوانی کا شکار ہیں، صوبے کے تمام بڑے شہروں کی حالتِ زار دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ شہریوں کا کوئی بھی وارث نہیں ہے، ان خیالات کا اظہارمنگل کو سندھ تاجر اتحاد کے نومنتخب چیئرمین شیخ حبیب کی زیرِصدارت منعقد کیئے گئے پہلے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اتحاد کے دیگر عہدیداران حسین قریشی، جاوید حاجی عبداﷲ،احمد قادری، محمد ناصر،راشد علی شاہ، محمد اسحاق اور دیگر بھی موجود تھے، شیخ حبیب نے حکومتِ سندھ کو لاپتہ اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو صفر قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاجروں اور شہریوں کی مدد اور داد رسی کیلئے کوئی دروازہ نہیں، تاجر برادری بدترین حالات میں کاروبار کرنے پر مجبور ہے، سرمایہ کار حوصلہ شکنی اور معیشت زوال پذیر ہے، انھوں نے کہا کہ معیشت کا حب کراچی لاقانونیت کا گڑھ، مسائل کا دلدل اور شہرنما جنگل بن چکا ہے، سرکاری اداروں کے ذمے داران فنڈز، وسائل اور عملے کی کمی کو جواز بناکر اپنی ذمے داریوں سے راہِ فرار اختیار کررہے ہیں، سڑکوں پر گھنٹوں ٹریفک جام، پھیلتی ہوئی تجاوزات، بے ہنگم اور بے قاعدہ پارکنگ،جا بجا پھیلے ہوئے کوڑے اور کچرے کے ڈھیر، رستے ہوئی گٹر، شکستہ سڑکیں، لاقانونیت اور آتشزدگی سے بچاؤ کا غیر مؤثر نظام کراچی کی بربادی کی داستان سنارہے ہیں، انھوں نے حکومتِ سندھ کو ملک کی بدترین صوبائی حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی غفلت اور بے حسی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت کے ماتحت ادارے بدعنوانی کا شکار ہوگئے ہیں، شہریوں اور تاجروں کے جائز ترین کام بھی رشوت کے بغیر ممکن نہیں رہے،تفتیشی اداروں کے بدعنوان اہلکار و افسران تاجروں کے خلاف سرگرم ہیں، انھوں نے صوبائی حکومت سے پُر زور مطالبہ کیا کہ پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کے مثبت اقدام کے بعد اب ادارے کو مؤثر، فعال اور کارآمد بھی بنایا جائے، اجلاس میں شریک تاجر نمائیندگان نے لوٹ مار اور چوریوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کو شہر کے معاشی، کاروباری اور معاشرتی مستقبل کیلئے ہولناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر دوسرے دن کسی نہ کسی دکان کے تالے توڑ کر سامان لوٹنے کے واقعات میں تشوایشناک اضافہ ہوگیا ہے، تاجروں نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو بدترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ صفائی کا فقدان شہر کااہم مسئلہ بن گیا ہے، مارکیٹوں کے اطراف جا بجا پھیلی ہوئی گندگی، کچرا، بہتے گٹر، کیچڑ، ملبہ، غلاظت کے ڈھیر عروس البلاد شہر کی سماجی اور ثقافتی پہچان کو متاثر کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :